ون ڈے کرکٹ میں دواننگز، ٹنڈولکر کی تجویز
5 ستمبر 2009ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں اپنے 12,773رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر اور ون ڈے میچوں میں اب تک 16,684رنز بنانے والے ٹنڈولکر نے ایک بھارتی ٹیلی ویژن کے ساتھ انٹرویو میں کہا ہے کہ ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی بے پناہ مقبولیت کی وجہ سے ون ڈے کرکٹ میں بین الاقوامی دلچسپی بھی کم ہوتی جا رہی ہے۔ اس لئے ون ڈے کرکٹ میں کرکٹ کھیلنے والے ملکوں اور شائقین کی دلچسپی میں اضافے کے لئے ہونا یہ چاہئے کہ آئندہ کھیلے جانے والے ایک روزہ کرکٹ میچ پچاس، پچاس اوورز کی ایک ایک اننگز کے بجائے پچیس، پچیس اوورز کی دو دو اننگز پر مشتمل ہوں۔
ٹنڈولکر نے کہا کہ آج 75 فیصد ون ڈے میچوں کے ممکنہ نتائج کا درست اندازہ ٹاس کے فورا بعد ہی لگا لیا جاتا ہے۔ لیکن اگر یہ مقابلے بھی دو دو اننگز پر مشتمل ہوں اور ہر ٹیم جب اپنی دس وکٹوں کے ساتھ دو بار پچیس اوورز کھیلے گی، تو یہی میچ دوبارہ ڈرامائی حد تک پر کشش ہو جائیں گے۔
بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ٹنڈولکر کے مطابق ہر ون ڈے میچ اگر کُل چار اننگز پر مشتمل ہوگا تو میچ کے ممکنہ نتیجے میں ٹاس کے نتیجے کا عمل دخل بھی کم ہو جائے گا اور بارش یا کم روشنی جیسے عوامل بھی کسی ایک ٹیم کو متاثر نہیں کر سکیں گے۔
بین الاقوامی سطح پر ون ڈے کرکٹ کے مستقبل کے بارے میں ہونے والی بحث اس وجہ سے بھی زیادہ شدید ہو گئی ہے کہ انگلینڈ اور ویلز کے کرکٹ بورڈ ECB نے ابھی اگست میں یہ فیصلہ کیا تھا کہ 2010 سے انگلینڈ اور ویلز میں 50 اوورز پر مشتمل کرکٹ کے ڈومیسٹک مقابلوں کا انعقاد ترک کر دیا جائے گا۔
رپورٹ: مقبول ملک
ادارت: ندیم گل