ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کلین سویپ کریں گے، اظہر علی
9 مئی 2011ریڈیو ڈوئچے ویلے کو دیے گئے انٹرویو میں چھبیس سالہ اظہر علی کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز کو ویسٹ انڈیز ہی میں ٹیسٹ سیریز ہرانے کا اس سے بہتر موقع پھر نہیں مل سکتا۔
ان کے مطابق ٹیم کی کارکردگی گز شتہ دو تین ٹیسٹ سیریز میں اچھی رہی ہے۔’ ہم نے مشکل صورتحال میں بیٹنگ اور باؤلنگ دونوں سے میچ بچائے بھی ہیں اور فتح بھی حاصل کی۔ فائٹ بیک کرنا دنیا کی کسی بھی ٹیم کے پروان چڑھنے کی علامت ہے۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم اب پہلے جیسی نہیں رہی اس لیے ہمیں دونوں ٹیسٹ جیتنے چاہیں‘۔
چبھیس سالہ اظہر علی پاکستان کی مڈل آرڈر بیٹنگ میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ اظہر علی نے دس ٹیسٹ میچوں میں چھ نصف سینچریاں سکور کی ہیں۔ علی نے کہا کہ وہ دورہ ویسٹ انڈیز میں اپنی اولین سینچری بھی اسکور کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا، ’میری کوشش ہوگی کہ میں گیانا اور سینٹ کسٹس دونوں ٹیسٹ میچوں میں سینچریاں بناؤں‘۔
اظہر علی پاکستان کے دیگر تمام کھلاڑیوں کے ساتھ پہلی بار ویسٹ انڈیز میں ٹیسٹ میچ کھیلیں گے تاہم اظہر نے کہا کہ اب ویسٹ انڈیز باہر سے آنے والوں کے لیے خوف کی سرزمین نہیں رہی۔ یہاں کی وکٹیں بدل گئی ہیں اور باؤلنگ کو بھی اب کالی آندھی سے تشبیہ نہیں دی جا سکتی۔
پاکستانی ٹیم میں عمر اکمل، حماد اعظم اور اسد شفیق کی موجودگی میں نئے کھلاڑیوں میں مقابلے کی فضا کے بارے میں اظہر علی نے کہا، ’’ہم سب میں دوستی ہے اورہر کوئی ایک دوسرے سے بڑھ کر کارکردگی دکھانے کے لیے بھی سرتوڑ کوشش کرتا ہے۔ یہ ٹیم کے لیے اچھا ہے‘‘۔
اظہر علی نے کہا، ’میں ابھی کسی بھی بڑے بیٹسمین کے ساتھ موازنہ نہیں کرتا تاہم میری تمنا ہے کہ جلد ہی میرا نام بھی بڑے ناموں میں شمار ہو اور اس کے لیے میں سخت محنت کر رہا ہوں‘۔
رپورٹ: طارق سعید، لاہور
ادارت: امتیاز احمد