ویمن فٹ بال ورلڈ کا فائنل، جاپان اور امریکہ کے مابین
14 جولائی 2011ویمن فٹ بال کے عالمی کپ میں گزشتہ روز دونوں سیمی فائنل کھیلے گئے۔ پہلے سیمی فائنل میں امریکہ نے فرانس کو ایک دلچپسپ مقابلے کے بعد ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں جاپان نےسویڈن کو ایک کے مقابلے میں تین گولوں سے ہرایا۔ جاپان کی جیت کے ساتھ عالمی کپ کے ایشیا میں آنے کی امید پیدا ہو گئی ہے۔ فرینکفرٹ میں کھیلے گئے میچ میں پہلے برتری سویڈن نے حاصل کی۔ جوزیفین ایکوسٹ نے کھیل کے دسویں منٹ میں گول کیا۔ جاپان کی اسٹرائکر ناہومی کاواسومی نے 19 ویں منٹ میں گول کرتے ہوئے میچ کو برابر کر دیا۔ پہلے ہاف کے اختتام تک میچ ایک ایک گول سے برابر تھا۔
دوسرے ہاف میں کھیل پر جاپان کی برتری نمایاں تھی اور ایسا محسوس ہورہا تھا کہ سویڈن کی کھلاڑیوں میں جیتنے کی امید کم ہو گئی ہے۔ اس دوران جاپان کی جانب سے کئی ناکام حملے کیے گئے۔ تاہم کھیل کے 60 ویں منٹ میں کپتان ہومارے ساوا نے گول کرتے ہوئے گولوں کے فرق میں ایک کا اضافہ کر دیا۔ یہ ٹورنامنٹ میں ان کا چوتھا گول تھا۔ چار منٹ بعد ہی یعنی کھیل کے 64 منٹ میں ناہومی کاواسومی نے اپنا دوسرا گول کرتے ہوئے میچ کو مکمل طور پر جاپان کے حق میں کر دیا۔ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ جاپان کی ٹیم ویمن ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچ پائی ہے۔
اس سے قبل کھیلے گئے میچ میں امریکہ نے فرانس کو ایک کے مقابلے میں تین گولوں سے شکست دی۔ مؤنشن گلاڈ باخ میں کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں امریکہ کی جانب سے 9ویں منٹ میں لورن چینی نے، 79 ویں منٹ میں ایبی ومباخ نے جبکہ ایلکس مورگن نے 82 ویں منٹ میں گول کیے۔ فرانس کی جانب سے میچ کا واحد گول 55 ویں منٹ میں سونیا بومپاسٹر نے کیا۔ اب سترہ جولائی اتوار کے دن کو خواتین کی فٹ بال رینکنگ کی عالمی نمبر ایک کا مقابلہ عالمی درجہ بندی میں چوتھے نمبر کی ٹیم جاپان سے ہوگا۔ امریکہ کی خواتین کی ٹیم تین مرتبہ اولمپک ٹائٹل بھی جیت چکی ہے۔
رپورٹ : عدنان اسحاق
ادارت: عاطف بلوچ