وینس فلم فیسٹیول : ماں کے لئے ’سونے کا شیر‘
4 ستمبر 2010جون وُو کو پہلی مرتبہ ایشیا اور ہالی وڈ کی سطح پر توجہ سن 1989ء میں ان کی فلم ’’دی کلِر‘‘ کے بعد حاصل ہوئی تھی۔ 63 سالہ وُو نے ایوارڈ حاصل کرتے ہوئے کہا کہ جب وہ نوجوان تھے، تو ان کے لئے ہدایتکار بننا ایک پاگل پن جیسا خواب تھا۔ تاہم انہوں نے کہا کہ انہوں نے اس ناممکن کام کو ممکن کر دکھایا۔
’’میں یہ ایوارڈ اس شخصیت کے نام کرتا ہوں، جو مجھے سینما تک لائی۔ جس نے میرے لئے فلم کو زندگی بنایا۔ جو مجھ سے کہتی تھی کہ اگر تم کسی کام کو کرنے کی ٹھان لو، تو تم اسے یقینی طور پر کر سکتے ہو۔ یہ شخصیت تھی میری ماں۔‘‘
جمعے کے روز جون وُو کی نئی فلم ’’ریجن آف اساسینز‘‘ یعنی ’قاتلوں کا خطہ‘ کا افتتاح بھی کیا گیا۔ اس نئی ایکشن فلم میں چینی میگا سٹار میچلی یوہ کو ایک خطرناک اور بے رحم قاتل کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔
وینس فلم فیسٹیول کے ڈائریکٹر مارکو میولر نے اپنی پریس کانفرنس میں وُو کے حوالے سے کہا تھا کہ ان کی فلموں میں ’’چینی روایات کے ساتھ ساتھ جدیدیت کا حسین امتزاج ملتا ہے۔‘‘
وُو کچھ عرصہ قبل ہی ہالی وڈ میں 16 برس گزارنے کے بعد واپس چین پہنچے ہیں۔ انہوں نے ہالی وڈ میں بروکن آیرو اور ٹام کروز کی فلم مشن ایمپوسیبل ٹو کی ہدایات دی تھیں تاہم چین واپس لوٹتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی زندگی کا ایک نیا باب شروع کرنے اور کچھ نئے خواب بُننے جا رہے ہیں۔
رپورٹ : عاطف توقیر
ادارت : شادی خان سیف