ویڈیو نالے: جرمنی کا انوکھا ویڈیو فیسٹیول
5 اپریل 2009ابتداء ہی سے اس فیسٹول کے مقاصد میں میڈیا آرٹ کا فروغ رکھا گیا تھا۔ مگر اِس میں مسلسل ارتقاء اور تبدیلی کا عمل دیکھا گیا ہے جو کسی حد تک مثبت خیال کیا جاتا ہےے مگر کچھ ناقدین کے نزدیک یہ اپنے ابتدائی مقصد سے دور ہوتا جا رہا ہے کیونکہ اِس میں انسٹالیشن آرٹ کو بہت اہمیت حاصل ہو گئی ہے۔
انسٹالیشن آرٹ اپنے معنی کے حوالے سے محسوس ہوتا ہے کہ کسی حال، راہداری یا مقام کو جدید یا اختراع کے ساتھ آراستہ کرنا ہے مگر جب اِس کو جدید دور کےVisual Art کی تعریف میں لیا جائے تو میڈیا، فوٹوگرافی، کیمرا ٹیکنیک اور اب تو موبائل کیمروں سے کچھ ریکارڈ یا تخلیق کرنے کو بھی شامل کر لیا گیا ہے۔ الیکٹرانک کیمرہ اور ریکارڈنگ آلات سےکسی طرح سے کچھ نئے تجربات اور اختراعات کے ساتھ کوئی ایسی شے تیار کرنا جو ایک تصویر، مختصر دورانیہ کی فلم، میوزک البم یا ویڈیو ہو، اِن کو بھی انسٹالیشن آرٹ میں شمار کیا جا سکتا ہے سن اُنیس سو ستر سے یورپی فنکار اور اسلوب نگار اِس پر کام کر رہے ہیں۔
بون شہر میں منعقد کئے جانے والے ویڈیو نالے میں انسٹالیشن آرٹ پر بحث و تمحیث کے ساتھ ساتھ کئی اور مبحثوں کا بھی انتظام ہوتا ہے جن میں عصری فنون کے نت نئے زاویوں پر معلُومات شائقین کو فراہم کی جاتی ہیں۔ اِن مذاکروں میں میڈیا آرٹ کو بھی خاص طور سے لیا جاتا ہے خصوصی لیکچر کا بھی انتظام کیا جاتا ہے۔ خصوصی ورکشاپس کے دوران نئے فنکاروں کو ویڈیو آرٹ کی پیچیدگیوں سے بھی آگاہ کیا جاتا ہے۔ سن ايیس سو ترنوے اور پچانوے سے اِس میں میڈیا آرٹ کے حوالے سے کئی اہم سلسلوں کا اجرا کیا گیا تھا۔
امسالہ ویڈیونالے کا آغاز چھبیس مارچ سے ہو چکا ہے۔ اِس کی اختتامی تاریخ چھبیس اپریل ہے۔ اِس بار کے ویڈیو نالے کے موضوعات خاصے جاندار تھے جیسا کہ ویڈیو آرٹ اور انٹر نیٹ وغیرہ ہیں۔ کُل تینتالیس منتخب آرٹ ویڈیو رکھی گئی ہیں۔ چوہتر ملکوں سے موصول ہونے والی ایک ہزار چار سو پینتالیس ویڈیوز کو چھ اراکین کی جیوری دیکھنے کے بعد کوئی فیصلہ کرے گی۔ اِس موقع پر گزشتہ پچیس سالوں پر پھیلے ویڈیو نالے کی تاریخ کے حوالے سے بھی خصوصی نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے۔ جرمنی کے مختلف کالجوں کے طلبہ کے تیس خصوصی پراجیکٹس بھی جیوری کے سامنے پیش ہیں۔ ویڈیو نالے کی جیوری میں جرمن شہر ڈریسڈن سے تعلق رکھنے والی ویڈیو آرٹ سے منسلک عالمی شہرت کی Katja Albers شامل ہیں۔ برطانوی شہر گلاسگو سے بھی ویڈیو آرٹ کی ماہر میلینی بونو جیوری میں شامل ہیں
بون ویڈیو نالے کو دنیا کے قدیمی ویڈیو فیسٹول میں شمار کیا جاتا ہے۔ اِس کی شروعات پچیس سال قبل بون آرٹ ایسوسی ایشن نے کی تھی۔ تب سے اس میں مسلسل ترقی اور وسعت کا عمل جاری ہے۔ سن دو ہزار چار سے اس کو مستقل بنیادوں پر کنسٹ میوزیم یا آرٹ عجائب گھر بون میں منعقد کیا جاتا ہے۔
ناقدین اور تجرباتی آرٹ کے مبصرین بون کے ویڈیو نالے کو اپنی طرز کا ایک ایسا پلیٹ فارم تصور کرتے ہیں جس نے کئی نئے سکول آف آرٹ کو فروغ دینے میں انتہائی مثبت کردار ادا کیا ہے۔ اِس حوالے سے یہ بھی واضح ہے کہ ویڈیو نالے ایک ایسا فورم ہے جہاں فنکار اور شائقین انتہائی قریب ہو جاتے ہیں اور شائقین کو ویڈیو آرٹ کی باریکیوں کو فنکارں اور تخلیق کاروں سے سمجھنے میں آسانی ہوتی ہے۔