1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹریفک حادثے میں زخمی افغان کرکٹر انتقال کر گئے

6 اکتوبر 2020

افغان بیٹسمین نجیب ترکئی گزشتہ ہفتے ایک ٹریفک حادثے کا شکار ہوگئے تھے۔ افغان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ نجیب زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے منگل کو انتقال کر گئے۔

https://p.dw.com/p/3jVQD
تصویر: picture-alliance/empics/BackpagePix

انتیس سالہ نجیب گزشتہ جمعے کو جلال آباد میں ایک تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے شدید زخمی ہو گئے تھے۔ افغان کرکٹ بورڈ نے ان کے انتقال پر گہرے رنج و صدمے کا اظہار کیا ہے۔ اے سی بی نے ایک ٹویٹر پیغام  میں کہا، ''کرکٹ بورڈ اور پورا ملک اس دل دہلا دینے والی خبر پر بہت غمزدہ ہے۔ ہمارے لیے اس جارحانہ اوپننگ بیٹسمین اور ایک انتہائی نفیس انسان کی موت ایک بہت بڑا نقصان ہے۔‘‘

Afghanisches Cricket-Team
تصویر: Afghanistan Cricket Board

نجیب ترکئی نے ایک ون ڈے انٹر نیشنل میچ اور 12 ٹوئنٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلے تھے۔انہوں نے اپنا واحد ایک روزہ بین الاقوامی میچ بھارت میں آئر لینڈ کے خلاف 2017ء کھیلا تھا۔

وہ گزشتہ چھ برسوں سے ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل رہے تھے۔ انہوں نے اپنے ٹی ٹوئنٹی کیریئر کا آغاز 2014ء میں بنگلہ دیش کے خلاف میچ سے کیا تھا۔ نجیب ترکئی نے گزشتہ ماہ شپریزہ کرکٹ لیگ میں اپنا آخری میچ کھیلا تھا، جس میں انہوں نے 32 رنز بنائے تھے۔   

عالمی شہرت یافتہ کرکٹرز راشد خان اور محمد نبی نے ترکئی کی وفات پر تعزیتی پیغام بھیجے ہیں۔

قبل ازیں افغان کرکٹ بورڈ نے بتایا کہ نجیب ترکئی کو گزشتہ جمعے حادثے کے بعد ننگرہار کے ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا اور ان  کی حالت بہت نازک تھی۔

ک م / ش ج ( روئڑز)