ٹرینوں میں جرمن انتہا پسندوں کا ’گشت‘، تحقیقات شروع
18 جولائی 2018انتہائی دائیں بازو کی نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی (این پی ڈی) کی طرف سے جاری کردہ ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چند افراد برلن کی مقامی ٹرینوں میں انتہائی پراعتماد طریقے سے ’گشت‘ کر رہے ہیں۔ ان میں سے چند ایک نے سنتری رنگ کی واسکٹیں بھی پہن رکھی تھیں، جن کے پیچھے جرمن زبان کے حرف ’ایس‘ طرز کا لوگو بنا ہوا تھا۔ ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ ایسے افراد نے ہاتھوں میں واکی ٹاکیز بھی پکڑی ہوئی تھیں۔
یہ خود ساختہ ’گشتی اہلکار‘ دوران سفر مسافروں سے گفتگو کرتے بھی دکھائی دیتے ہیں۔ اس ویڈیو میں کہا گیا ہے کہ وہ ’جرائم کی آماج گاہوں‘ میں اس وجہ سے ’گشت‘ کر رہے ہیں تاکہ مقامی جرمنوں کو تشدد اور جرائم سے بچایا جا سکے۔ ویڈیو میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایسے ’جرائم کے مرتکب مہاجرین یا غیرملکی‘ ہوتے ہیں اور ملکی پولیس جرمنوں کی حفاظت کرنے میں ’ناکام‘ ہو چکی ہے۔
جرمن میڈیا کے مطابق نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی کی یہ پروپیگنڈا ویڈیو توجہ حاصل کرنے کی ایک کوشش ہے۔ دوسری جانب منگل کے روز برلن کے زیادہ تر اخبارات نے اس ویڈیو کے حوالے سے رپورٹنگ بھی کی۔ یہ ویڈیو جون کے اوائل میں ریلیز کی گئی تھی اور اسے صرف چند ہزار لوگوں نے ہی دیکھا تھا۔
دوسری جانب جرمن ریلوے نیٹ ورک کی ذمہ دار وفاقی پولیس نے اس حوالے سے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے کہ آیا یوں کسی قانون کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔ دریں اثناء جرمن ریلوے (ڈی بی) نے کہا ہے کہ ٹرینوں میں یہ ویڈیو بلااجازت فلمائی گئی تھی، جو خلاف قانون ہے۔ جرمنی میں ٹرینوں کے اندر کوئی بھی سین فلمانے سے پہلے اجازت لینا ضروری ہے۔
’این پی ڈی‘ پر پابندی عائد نہیں کی جا سکتی، عدالت
جرمن ریلوے کی طرف سے اس پروپیگنڈا ویڈیو کو مسترد کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پولیس کے تعاون سے مسافروں کی حفاظت ہماری کمپنی کی ذمہ داری ہے، ’’ہمارے پاس 750 محافظ موجود ہیں اور وہ مسافروں کی حفاظت کے لیے رنگ و نسل کی تفریق کیے بغیر اپنی خدمات بہترین طریقے سے انجام دے رہے ہیں۔‘‘
این پی ڈی کی طرف سے نیونازی نظریات کی تعریف کی جاتی ہے اور گزشتہ برس ستمبر کے وفاقی انتخابات میں اس پارٹی کو 0.5 فیصد ووٹ حاصل ہوئے تھے۔ جنوری میں جرمن آئینی عدالت نے اس جماعت پر پابندی عائد کرنے کے خلاف فیصلہ سنایا تھا۔ عدالت کا کہنا تھا کہ یہ جماعت اپنے غیرآئینی رویے کے باوجود جمہوریت کو نقصان پہنچانے کی صلاحیت نہیں رکھتی۔
رواں برس جرمن کابینہ نے اس مطالبے کی حمایت کی تھی، جس میں ملک کی اعلیٰ ترین عدالت سے این پی ڈی کے لیے ایک سیاسی جماعت کے طور پر ریاستی فنڈنگ آئندہ چھ برس کے لیے روک دیے جانے کی درخواست کی گئی تھی۔
ا ا / م م ( ڈی پی اے، ای پی ڈی)