1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹینس: انیس برس بعد جرمن خاتون کھلاڑی ورلڈ نمبر ون

عابد حسین9 ستمبر 2016

رواں برس ٹینس کی جرمن خاتون کھلاڑی انجلیک کیربر کے لیے بہت خوش قسمت رہا ہے۔ وہ سیرینا ولیمز کی جگہ عالمی نمبر ایک بن گئی ہیں اور ہفتے کے روز دوسرا گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ بھی جیت سکتی ہیں۔

https://p.dw.com/p/1Jz71
عالمی نمبر ایک انجلیک کیربرتصویر: Reuters/R. Deutsch-USA TODAY Sports

ٹینس اسپورٹ کی لیجنڈری جرمن کھلاڑی اسٹیفی گراف کے بعدکوئی بھی جرمن خاتون کھلاڑی انیس برس تک عالمی نمبر ایک کی پوزیشن پر فائز نہ ہو سکی۔ تاہم انجلیک کیربر اب پیر کے دن باقاعدہ طور پر یہ اعزاز اپنے نام کر لیں گی ۔ ویمن ٹینس کی عالمی درجہ بندی کا اعلان اگلے ہفتے پیر بارہ ستمبر سے ہو گا لیکن پوائنٹس کی بنیاد پر انجلیک کیربر ورلڈ نمبر ون بن گئی ہیں۔ یو ایس اوپن کے ویمن فائنل کا نتیجہ کیربر کی نئی پوزیشن پر کسی صورت اثرانداز نہیں ہو گا۔

امریکی ٹینس اسٹار سیرینا ولیمز کو رواں برس کے یُو ایس اوپن کے سیمی فائنل میں شکست کا سامنا رہا ہے۔ وہ چیک جمہوریہ کی کھلاڑی کارولینا پلِشکووا سے ہار گئیں تھیں۔ عالمی درجہ بندی میں پلِشکووا چھٹی پوزیشن پر ہیں لیکن وہ زور دار سروس کی ماہر ہیں۔ دائیں بازو سے کھیلنے والی چیک کھلاڑی چوبیس برس کی ہیں۔ اس طرح امریکی گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ میں وہ سب سے بڑا اپ سیٹ کرنے میں کامیاب رہی ہیں۔

دوسری جانب ولیمز جرمن کھلاڑی اسٹیفی گراف کا بائیس گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ جیتنے کا ریکارڈ توڑنے میں ناکام رہی ہیں۔ اب انہیں آسٹریلین اوپن تک انتظار کرنا ہو گا۔ ولیمز اور گراف بائیس بائیس گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ جیت چکی ہیں۔

USA Tennis U.S. Open Karolina Pliskova
چیک جمہوریہ کی کارولینا پلِشکوواتصویر: Reuters/R. Deutsch-USA TODAY Sports

بارہ ستمبر کو سیرینا ولیمز 186 ہفتوں کے بعد عالمی نمبر ایک کے مقام سے تنزلی کے بعد دوسری پوزیشن پر پہنچ جائیں گی۔ مسلسل 186 ہفتے عالمی نمبر ایک رہنے کا ریکارڈ بھی وہ اسٹیفی گراف کے ساتھ شیئر کرتی ہیں۔

انجلیک کیربر رواں برس آسٹریلین اوپن جیت کر ٹاپ فائیو کھلاڑیوں میں شمار کی جانے لگی تھیں۔ کیربر نے گزشتہ برس ویمن ٹینس سرکل کے چار اہم ٹورنامنٹ جیت کر ٹاپ ٹین میں جگہ حاصل کی تھی۔ انہوں نے عالمی نمبر ایک بننے پر انتہائی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یقینی طور پر اسٹیفی گراف اُن پر فخر کر سکتی ہیں۔

کیربر نے عالمی نمبر ایک بننے پر مزید کہا کہ اُس کی زندگی میں انجام کار وہ دن آ گیا جب وہ عالمی نمبر ایک بن گئی ہیں اور یہ ایک انتہائی پرانے خواب کی تعبیر ہے۔ کیربر یو ایس اوپن کے سیمی فائنل کو جیت کر فائنل میں بھی پہنچ گئی ہیں۔ اب وہ فائنل میچ میں چیک کھلاڑی کارولینا پلِشکووا کے خلاف کھیلیں گی۔ کیربر سن 2011 میں امریکی گرینڈ سلیم میں سیمی فائنل مرحلے میں داخل ہوئیں تھیں لیکن ہار گئی تھیں۔ اب پانچ برس بعد وہ پہلی مرتبہ فائنل کھیلیں گی۔