1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹینس کا راجہ، راجر فیڈرر بین الاقوامی مقابلوں سے ریٹائر

15 ستمبر 2022

اکتالیس سالہ سوئس ٹینس لیجنڈ نے کہا کہ انہیں اب اپنی محدود ہوتی جا رہی جسمانی صلاحیتوں اور حدود کا ادراک ہے۔ فیڈرر آئندہ ہفتے لندن کے لیور کپ میں آخری مرتبہ مردوں کے ڈبلز مقابلوں میں شرکت کے لیے کورٹ میں اتریں گے۔

https://p.dw.com/p/4Gvzk
Tennis | ATP-Turnier in Halle | Roger Federer
تصویر: Friso Gentsch/dpa/picture alliance

ٹینس کے عالمی میدانوں پر دو دہائیوں سے زیادہ عرصے تک راج کرنے والےکھلاڑی راجر فیڈرر نے اگلے ہفتے بین الاقوامی مقابلوں سے ریٹائر ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس سوئس ٹینس لیجنڈ کی طرف سے جمعرات پندرہ ستمبر کے روز کیے گئے ریٹائرمنٹ کے اعلان نے دنیا بھر میں ان کے مداحوں کے ان خدشات کو درست ثابت کر دیا، جو انہیں اپنے اس محبوب کھلاڑی کے انٹرنیشنل ٹینس کو جلد خیر باد کہہ دینے کے حوالے سے درپیش تھے۔

ٹوئٹر پر ’راجر فيڈرر جاگ اٹھو‘ کيوں ٹرينڈ کر رہا ہے؟

فیڈرر نے کہا کہ لندن میں اگلے ہفتے ہونے والا لیور کپ ان کے لیے پیشہ وارانہ مقابلوں کا آخری معرکہ ہوگا۔ 41 سالہ راجر فیڈرر  نے اب تک 20 گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتے ہیں اور کئی ماہرین انہیں ٹینس کا آج تک کا بہترین کھلاڑی سمجھتے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ سال کے ومبلڈن مقابلوں کے بعد سے کوئی میچ نہیں کھیلا۔ انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں فیڈرر کا کہنا تھا، ''آپ میں سے بہت سے لوگ جانتے ہیں کہ گزشتہ تین سالوں میں مجھے چوٹوں اور سرجریوں کی شکل میں چیلنجز درپیش رہے۔‘‘

Tennis | Wimbledon | Roger Federer
فیڈرر نے کہا کہ لندن میں اگلے ہفتے ہونے والا لیور کپ ان کے لیے پیشہ وارانہ مقابلوں کا آخری معرکہ ہوگاتصویر: Shaun Brooks/Action Plus/picture alliance

فیڈرر نے مزید لکھا، ''میں نے مکمل مسابقتی فارم میں واپس آنے کے لیے سخت محنت کی ہے، لیکن میں اپنے جسمانی  صلاحیتوں اور حدود سے بھی واقف ہوں اور حال ہی میں میرے لیے یہ پیغام بہت واضح رہا ہے۔ میری عمر اب 41 سال ہے۔‘‘ اپنے مداحوں سے مخاطب ہوتے ہوئے فیڈرر کا کہنا تھا، ''میں نے 24 سال کے دوران 1500 سے زائد میچ کھیلے ہیں۔ ٹینس نے میرے ساتھ اس سے بھی زیادہ فراخ دلانہ سلوک کیا ہے جتنا میں نے کبھی خواب میں بھی نہیں سوچا تھا۔ اب مجھے یہ تسلیم کرنا ہوگا کہ میرے مسابقتی کیریئر کے خاتمے کا وقت آ گیا ہے۔ اگلے ہفتے لندن میں لیور کپ میرا آخری اے ٹی پی ایونٹ ہوگا۔ میں مستقبل میں مزید ٹینس کھیلوں گا، یقیناﹰ، لیکن صرف کسی گرینڈ سلیم کے لیے یا دورے کے دوران نہیں۔‘‘

2003 ء میں ومبلڈن میں اپنا پہلا گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتنے کے بعد سے ہی مردوں کے ٹینس مقابلوں کی دنیا پر راج کرنے والے فیڈرر حالیہ برسوں میں کئی طرح کی چوٹوں سے پریشان رہے ہیں۔ گزشتہ دو برسوں میں ان کے گھٹنے کے تین آپریشن ہوئے ہیں اور ان کا آخری بین الاقوامی مقابلہ 2021 کے ومبلڈن میں پولینڈ کے ہوبرٹ ہرکاز کے خلاف کوارٹر فائنل میں شکست پر منتج ہوا تھا۔

فیڈرر نے اعلان کیا تھا کہ  وہ بین الاقوامی ٹینس میں واپسی کے لیے طویل عرصے تک اپنے حریف رہنے والے مگر دوست ہسپانوی کھلاڑی رافائل نادال کے ساتھ مل کر لندن میں لیور کپ میں مردوں کے ڈبلز مقابلوں میں حصہ لینا چاہتے ہیں۔ فیڈرر نے اپنی ہوم گراؤنڈ بازل شہر میں منعقد کیے جانے والے سوئس ان ڈور ٹورنامنٹ میں کھیلنے کا منصوبہ بھی بنایا تھا۔

ش ر / م م (اے ایف پی، روئٹرز)