ٹیپکو کے لیے مالی تعاون کا اعلان
13 مئی 2011ٹوکیوحکام نے ایک جانب ٹیپکو کی مدد کرنے کا اعلان کیا ہے تو دوسری طرف مزید کسی نئے جوہری حادثے سے بچنے کے لیے ایک اور ایٹمی پلانٹ کو بند کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ اس مد میں فوکوشیما کے منتظم ادارےکو اربوں ڈالر دیے جائیں گہ تاکہ وہ اس جوہری حادثے سے متاثر ہونے والوں کے نقصانات کا مالی ازالہ کر سکے۔11 مارچ کو آنے والے زلزلے کے بعد اور سونامی لہروں کے نتیجے میں ہونے والی تباہی کے پس منظر میں فوکوشیما کے جوہری پلانٹ کے اطراف 20 کلومیٹر کا علاقے تابکاری پھیلنے کی وجہ سے خالی کرا لیا گیا تھا، جس سے تقریباً 80 ہزار افراد اپنا گھر بار اور کاروبار چھوڑنے پر مجبور ہوئے تھے۔
ٹوکیو میں حکومتی انتظامیہ کی جانب سے ٹیپکو کو مالی تعاون فراہم کرنے کے فیصلے کا مقصد معاشی منڈی کو مستحکم رکھنا بھی ہےکیونکہ ٹیپکو بجلی فراہم کرنے والی ایشیا کی سب سے بڑی کمپنی ہے اور جاپان میں10بنیادی اشیائے ضرورت فراہم کرنے والا سب سے بڑا ادارہ بھی۔ اسی طرح ٹیپکو کے 62 ٹریلین ین کےکارپوریٹ بانڈز بھی مارکیٹ میں موجود ہیں۔
جاپانی حکومت کی جانب سے ٹیپکو کو مالی تعاون فراہم کرنے کے فیصلے کے لیے پارلمیان سے منظوری حاصل کرنا لازمی ہے۔ تاہم اس حوالے سے تحفظات بھی پائے جاتے ہیں۔ متعدد ارکان پارلمیان نے جوہری بحران سے نمنٹنے کے حوالے سے ٹیپکو کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ ناقدین کے مطابق حکومت کو شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے پر رقم خرچ کرنی چاہیے، نہ کہ ٹیپکو کے شیئر ہولڈرز اور بانڈ کوبچانے کے لیے۔
رپورٹ: عدنان اسحاق
ادارت: مقبول ملک