پاک بھارت مذاکرات 25 فروری کو نئی دہلی میں
12 فروری 2010اسلام آباد میں حکام کے مطابق دونوں ملکوں کے درمیان خارجہ سیکریٹری سطح کے مذاکرات اسی ماہ کی پچیس تاریخ کو بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ہوں گے۔
پاکستانی حکومت کی طرف سے جمعہ کو جاری کئے گئے ایک بیان میں کہا گیا کہ بھارت اور پاکستان کے خارجہ سیکریٹری 25 فروری کو نئی دہلی میں مذاکرات کریں گے۔ تاہم ابھی تک نئی دہلی حکومت کی طرف سے اس بات چیت کی تاریخ کی تصدیق نہیں کی گئی۔
پاکستان کے مطابق ان مذاکرات میں روایتی حریفوں کے درمیان کشمیر، سیاچین، دہشت گردی اور باہمی امور سے متعلق دیگرتمام اہم مسائل کو اٹھایا جائے گا۔ پاکستانی حکام کے مطابق بھارت پر زور دیا جائے گا کہ دونوں ملک تمام آپسی مسائل جامع امن کے لئے مذاکراتی عمل کے ذریعے حل کریں۔
گزشتہ ہفتے بھارت نے اچانک پاکستان کو خارجہ سیکریٹری سطح کی بات چیت بحال کرنے کی پیشکش کی تھی۔ ممبئی حملوں کے بعد دونوں ملکوں کے مابین جامع مذاکراتی امن عمل تعطل کا شکار ہوگیا تھا۔ بھارت کا موقف تھا کہ جب تک پاکستان اپنی سرزمین پر مبینہ طور پر سرگرم شدت پسندوں کو بھارت پر حملے کرنے سے نہیں روکتا، تب تک کسی بھی قسم کے مذاکرات ممکن نہیں ہو سکتے۔
بھارت اور پاکستان کے درمیان سن1947 سے اب تک تین جنگیں ہو چکی ہیں جبکہ کشمیر تنازعے کے حل کے حوالے سے ان دونوں ہمسایہ لیکن روایتی حریف ملکوں کے موقف میں زبردست اختلافات پائے جاتے ہیں۔
رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی/ ایجنسیز
ادارت: مقبول ملک