1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
ماحولپاکستان

پنجاب اور سندھ میں درجہ حرارت 49 ڈگری

23 مئی 2024

پاکستان میں جاری شدید گرمی کی لہر سے روزانہ کی بنیاد پر سینکڑوں متاثرہ افراد ہسپتالوں میں لائے جا رہے ہیں۔ ہیٹ سٹروک سے متاثرہ مریضوں کے علاج کے لیے ہسپتالوں میں ایمرجنسی رسپانس سینٹرز قائم کر دیے گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/4gChd
جیکب آباد سندھ میں مزدور خواتین خود کو ہیٹ ویو کی شدت سے بچانے کے لئے پانی کا استعمال کرتے ہوئے
جیکب آباد سندھ میں مزدور خواتین خود کو ہیٹ ویو کی شدت سے بچانے کے لئے پانی کا استعمال کرتے ہوئے تصویر: Akhtar Soomro/REUTERS

شدید گرمی کی لہر کے نتیجے میں جمعرات کو پاکستان بھر کے ہسپتالوں میں ڈاکٹروں نے ہیٹ اسٹروک کے سینکڑوں متاثرین کا علاج کیا۔ حکام کے مطابق موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے درجہ حرارت معمول سے زیادہ ہے۔ پاکستان کے محکمہ موسمیات کے ایک سینئر اہلکار ظہیر احمد بابر کا کہنا ہے، ''اس ماہ کے آخر تک تیز گرمی جاری رہے گی اور درجہ حرارت معمول سے چھ ڈگری زیادہ رہے گا۔‘‘

انہوں نے کہا کہ لوگ ایسی صورت حال میں زیادہ سے زیادہ پانی پئیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں اور مویشیوں کے مالکان کو شدید گرمی کے دوران اپنے جانوروں کی حفاظت کے لیے اقدامات کرنے چاہئیں۔ تاہم مزدور طبقے کا کہنا ہے کہ ان کے پاس اپنے خاندان کا پیٹ پالنے کے لیے کام کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی معاون برائے ماحولیات روبینہ خورشید عالم نے دارالحکومت اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس میں کہا، ''پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا پانچواں بڑا ملک ہے۔ ہم نے معمول سے زیادہ بارشیں اور سیلاب دیکھے ہیں۔

پاکستان: گرمی کی شدید لہر، لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت

پاکستان کے شہر حیدرآباد میں گرمی کی شدت کم کرنے کے لیے ایک لڑکا  سڑک پر نہاتے ہوئے۔
محکمہ موسمیات نے اگلے ایک ہفتے تک ہیٹ ویو کے مزید جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔تصویر: Shakeel Ahmad/AA/picture alliance

شعبہ صحت کے ایک سینئر عہدیدار غلام فرید نے کہا،  ''کل سے حالات خراب ہوتے جا رہے ہیں، صوبہ پنجاب کے ہسپتالوں میں گرمی سے متاثرہ مریض آنے لگے ہیں، پاکستان میں ہیٹ سٹروک سے متاثرہ مریضوں کے علاج کے لیے ہسپتالوں میں ایمرجنسی رسپانس سینٹرز قائم کیے گئے ہیں۔‘‘

اس وقت پاکستان کے جنوب مغربی اور شمال مغربی علاقوں کو بھی گرمی کی لہر کا سامنا ہے۔ دن کے وقت درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھ جاتا ہے جبکہ پنجاب میں حکام نے ایک ہفتے کے لیے سکول بند کر دیے ہیں۔

پاکستان: دیہی علاقوں میں شدید گرمی کے حاملہ خواتین پر اثرات

محکمہ موسمیات کی جانب سے لوگوں کو ہیٹ ویو کی صورت  میں زیادہ سے زیادہ پانی پینے اور غیر ضروری سفر سے گریز کی تاکید کی جارہی ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے لوگوں کو ہیٹ ویو کی صورت میں زیادہ سے زیادہ پانی پینے اور غیر ضروری سفر سے گریز کی تاکید کی جارہی ہے۔تصویر: Akhtar Soomro/REUTERS

قومی موسمیاتی مرکز کے مطابق پاکستان میں اپریل کے مہینے میں سن 1961 کے بعد سے سب سے زیادہ بارشیں ریکارڈ کی گئیں۔ ماہانہ بنیادوں پر یہ معمول سے دگنی بارشیں تھیں۔ گزشتہ ماہ کی شدید بارشوں کی وجہ سے متعدد افراد ہلاک ہوئے جبکہ املاک اور کھیتی باڑی کو بھی نقصان پہنچا۔

ف ن / ا ا (اے پی )

گرمی کی شديد لہر، پاکستانی آم اور آموں کے شوقین بھی متاثر