پاکستان کے ’لالا میسی‘ کی نیوزی لینڈ کے خلاف چودہ وکٹیں
27 نومبر 2018متحدہ عرب امارات میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیموں کے درمیان کھیلی جانے والی تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز برابر ہوچکی ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں کیویز کو ایک اننگز اور سولہ رنز سے شکست دی ہے۔ پاکستان کی فتح میں اہم کردار یاسر شاہ کی شاندار لیگ اسپن بولنگ رہی۔ یاسر شاہ نے پہلی اننگز میں اکتالیس رنز کے عوض آٹھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ دوسری اننگز میں انہوں نے مزید چھ کھلاڑیوں کو پویلین کا رخ کروایا۔ اس طرح یاسر شاہ دوسرے ٹیسٹ میچ میں کل چودہ وکٹیں حاصل کرکے ’پلیئر آف دی میچ‘ رہے۔
یاسر شاہ حملہ کریں گے، سرفراز احمد
اس میچ کے تیسرے دن یاسر شاہ نے مجموعی طور پر دس کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔ واضح رہے عالمی ٹیسٹ کرکٹ میں قریب بیس برس بعد کسی بولر نے ایک دن میں دس کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ یاسر شاہ ایک دن میں دس وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی بن گئے ہیں۔
ابوظہبی میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ کے مقابلے میں پاکستانی بلے بازوں نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ دبئی میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے 418 رنز پر اننگز ڈکلیئر کر دی تھی۔ پاکستان کی طرف سے ہارث سہیل نے چار سو اکیس گیندوں پر 147 رنز بنائے جبکہ بابر اعظم نے اپنی پہلی ٹیسٹ سینچری مکمل کرتے ہوئے 127 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
یاسر شاہ کی تباہ کن بولنگ، گال ٹیسٹ پاکستان کے نام
چار سو اٹھارہ کے بڑے ٹوٹل کے جواب میں نیوزی لینڈ کے بلے بازوں کی کارکردگی ناقص رہی۔ پہلی اننگز میں پوری ٹیم صرف 90 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔ تاہم دوسری اننگز میں کیوی بلے بازوں نے ’فائٹنگ اسپرٹ‘ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 312 رنز بنانے میں کامیاب تو رہے لیکن برتری حاصل نہ کر سکے۔ سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن ٹیسٹ میچ تین دسمبر کو ابو ظہبی میں شروع ہوگا۔