1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستانی سرحد کے ساتھ بھارتی فوج کی مشقیں شروع

10 مئی 2011

بھارت نے اپنے روایتی حریف ملک پاکستان کی سرحد کے ساتھ چھ روزہ جنگی مشقوں کا آغاز کر دیا ہے۔ بڑے پیمانے پر ہونے والی ان جنگی مشقوں میں بھارتی فوج اپنے جدید ترین ہتھیاروں کی آزمائش بھی کرے گی۔

https://p.dw.com/p/11Cil
تصویر: AP

حال ہی میں ایبٹ آباد میں امریکی کمانڈوز کی کارروائی کے نتیجے میں اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے بعد پاکستانی حکومت جہاں شدید ترین بین الاقوامی دباؤ کا شکار ہے، وہیں بھارت نے راجھستان کے صحرائی علاقے میں جنگی مشقوں کا آغاز کر دیا ہے۔ پیر سے شروع ہونے والی قریب ایک ہفتہ جاری رہنے والی ان عسکری مشقوں میں 20 ہزار سے زائد فوجی حصہ لے رہے ہیں۔

خبررساں ادارے اے ایف پی نے بھارتی فوج کے ایک ترجمان ایس ڈی گوسوامی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ ان مشقوں کے دوران بھارتی فوج اپنے جدید اسلحے کا استعمال بھی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج اپنے اُس اسلحے کا بغور جائزہ لے گی، جو اس نے حال ہی میں خریدا ہے۔ گزشتہ پانچ سالوں کے دوران بھارت نے اپنی عسکری طاقت کو مضبوط اور جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر اسلحہ خریدا ہے۔

BDT Indien Rekrutierung Armee
بھارتی فوجی تربیت کے دورانتصویر: AP

نفری کے لحاظ سے دنیا کی چوتھی سب سے بڑی فوج رکھنے والے ملک بھارت نے گزشتہ چھ برسوں کے دوران پاکستان کی سرحدوں کے ساتھ دس مرتبہ بڑے پیمانے پر فوجی مشقیں کی ہیں۔

بھارتی حکومت کا مؤقف ہے کہ پاکستان میں دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانے قائم ہیں۔ دو مئی کو ایبٹ آباد میں دہشت گرد تنظیم القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے بعد نئی دہلی حکومت نے ایک مرتبہ پھر کہا ہے کہ اسلام آباد حکومت ممبئی حملوں میں ملوث مشتبہ افراد کو گرفتار کرے۔ بھارتی حکومت کا کہنا ہے کہ ممبئی حملوں کی منصوبہ بندی پاکستان میں ہوئی تھی۔ ان حملوں میں دس حملہ آوروں نے ممبئی کے تین مختلف علاقوں میں دہشت گردی کی واردات کرتے ہوئے 166 افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔

ممبئی حملوں کے بعد نئی دہلی حکومت نے اسلام آباد حکومت کے ساتھ جامع امن مذاکرات معطل کر دیے تھے۔ اگرچہ دونوں ہمسایہ ممالک کے مابین حال ہی میں مذاکرات کا سلسلہ بحال ہوا تھا تاہم بھارت نے اپنی تنقید جاری رکھی ہوئی ہے کہ پاکستانی حکومت ممبئی حملوں کے مبینہ ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے کافی اقدامات نہیں کر رہی ہے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید