پرنس ولیم اور شہزادی کیٹ بھارت میں
10 اپریل 2016اس شاہی برطانوی جوڑے کا برصغیر کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہے اور اس موقع پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا ہے۔ قبل ازیں 1992ء میں پرنس ولیم کی والدہ لیڈی ڈیانا نے بھارت کا دورہ کیا تھا اور آگرا میں محبت کی علامت سمجھے جانے والے تاج محل کے سامنے ان کی ایک ایسی تصویر لی گئی تھی، جس میں وہ اداس دکھائی دے رہی تھیں۔ بھارتی میڈیا میں اس تصویر کا کئی دن تک چرچا رہا تھا اور اب سفید سنگ مرمر سے بنی اسی یادگار کا دورہ یہ شاہی جوڑا بھی کرے گا۔ شاہی جوڑے کے دورے کی بھارتی میڈیا بھرپور کوریج دے رہا ہے۔
اپنے اس ایک ہفتے کے دورے کے دوران یہ دونوں ریاست آسام کے کازیرانجا نیشنل پارک بھی جائیں گے جبکہ ان کے دو دن بھوٹان میں بھی گزریں گے۔ بھوٹان میں یہ شاہی جوڑا وہاں کے بادشاہ اور ملکہ سے بھی ملیں گے۔
ولیم اور کیٹ ممبئی کے تاج محل ہوٹل میں بھی گئے ہیں۔ اس ہوٹل میں جانے کا مقصد ممبئی سن 2008 کے حملوں کے متاثرین کو خراج عقیدت پیش کرنا تھا۔ بھارت کی کچی بستیوں کے غریب بچوں سے ملاقات سے پہلے وہ جنوبی ممبئی کے تقریحی پارک اوول میدان میں ایک کرکٹ میچ بھی دیکھنے کے علاوہ وہاں پر موجود فلاحی تنظیمیوں کے نمائندوں سے بھی ملاقات کریں گے۔
ایک ترانوے سالہ بھارتی شہری بومن کوہ نور کا نیوز ایجنسی اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئےکہنا تھا کہ وہ برطانوی شاہی خاندان کا سب سے بڑا فین ہے اور وہ بھی ممبئی کے اوول میدان میں جا رہا ہے تاکہ ایک مرتبہ وہ اس جوڑے کو دیکھ سکے۔ بومن کا کہنا تھا کہ اس کی یہ بھی خواہش ہے کہ یہ جوڑا اس کے پارسی کیفے ’برطانیہ اینڈ کمپنی ریسٹورانٹ‘ کا دورہ کریں کیوں کہ اس نے یہ کیفے سن 1923ء میں قائم کیا تھا۔
آج شام ہی یہ شاہی جوڑا لگژری تاج محل ہوٹل میں بالی وڈ کے فلمی ستاروں سے ملاقات کرے گا جبکہ اس محفل میں بھارتی بزنس کمیونٹی کے نامور تاجر بھی شریک ہوں گے۔ پیر کی صبح یہ نوجوان کے ایک گروپ سے ملاقات کے بعد دارالحکومت نئی دہلی روانہ ہو جائیں گے، جہاں ان کا دوپہر کا کھانا بھارت کے قوم پرست وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ ہوگا۔
بھارت میں برطانوی سفارت خانے کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ شاہی جوڑے کا یہ دورہ یادگار اور انتہائی رنگا رنگ ہوگا اور وہ ایک عرصے تک اسے یاد رکھیں گے۔