پشاور بم دھماکوں کے متاثرین کے لئے امداد کا اعلان
31 اکتوبر 2009وزیر اعظم نے کہاکہ سیکیورٹی کی صورتحال میں بہتری لاناحکومت کی اوّلین ترجیح ہے اور جب تک امن وامان کی صورتحال بہتر نہیں ہوگی معاشی مسائل بھی حل نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کامقابلہ کرنے کے لئے اداروں کی استعدادکار بڑھانے کی ضرورت ہے۔
یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کی اصل وجہ غربت اور تعلیم کی کمی ہے۔ وزیراعظم نے اس موقع پر وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والوں کوتمام تر سہولیات فراہم کرنے کااعلان کرتے ہوئے کہاکہ سوات سے بے گھر ہونے والوں کی طرح وزیرستان کے بے گھر افراد کو بھی پانچ ہزار روپے ماہانہ امداد دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کی واپسی پر بحالی کے لئے پچیس ہزار روپے د یے جایں گے اور اس مقصد کے لئے ڈھائی ارب روپے کے فنڈز جاری کردیے گئے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وہ غلطی نہیں کی جائے گی جو امریکہ نے افغانستان میں کی۔ سوویت یونین کی افواج کے جانے کے بعد امریکہ نے افغانستان کو تنہا چھوڑ دیا جس کا خمیازہ پاکستان آج تک بھگت رہا ہے۔ یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقوں میں معاشی، سماجی اوسیاسی خلاء نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے اس موقع پر سوات یونیورسٹی کے چارٹر کیلئے احکامات جاری کیے۔
ان کا کہنا تھاکہ ملاکنڈ ڈویژن کی تعمیر نو کیلئے پچاس ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ دہشت گرد غیرملکی ایجنڈے پر کام کررہے ہیں اوران کا ڈٹ کر مقابلہ کیاجائے گا۔ وزیراعظم نے وفاق کے ذمے صوبہ سرحد کے بجلی کے خالص منافع کی مَد میں 110ارب روپے کے بقایاجات بھی صوبے کو دینے کابھی اعلان کیا ہے جبکہ پہلی قسط فوری اد اکی جائے گا۔
دوسری جانب خیبر اور اورکزئی ایجنسی میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی اور ان پر حملے میں چوبیس افراد ہلاک ہوئے ہیں، جن میں نو سیکورٹی اہلکار بھی شامل ہیں۔ کرم ایجنسی میں جیٹ طیاروں نے سات عسکریت پسند ہلاک کر دیے جبکہ گیارہ زخمی ہوئے۔ اورکزئی ایجنسی کے مختلف علاقوں پربمباری کے نتیجے میں عسکریت پسندوں کے آٹھ ٹھکانے تباہ کیے گئے جبکہ کارروائی میں آٹھ عسکریت پسند ہلاک ہوئے۔
ادھر خیبرایجنسی کے علاقہ سورغر میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکراگئی جس کے نتیجے میں نو اہلکار ہلاک جبکہ گیارہ زخمی ہوئے۔ سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر کارروائی شروع کر دی۔
رپورٹ: فرید اللہ خان، پشاور
ادارت: ندیم گِل