1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پولیس نے زینب کی تلاش میں سست روی سے کام لیا، انیس انصاری

صائمہ حیدر
11 جنوری 2018

پاکستان کے شہر قصور میں جنسی زیادتی کے بعد قتل کی جانے والی سات سالہ بچی کے والد نے پنجاب پولیس پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اُن کی بیٹی کے لاپتہ ہونے کے بعد پولیس نے کارروائی کرنے میں بہت سست روی سے کام لیا۔

https://p.dw.com/p/2qg4S
Pakistan Beerdigung von ermordetem Mädchen in Kasur
تصویر: Getty Images/AFP/G. Ahmed

یہ بات ریپ کا شکار ہونے والی مقتولہ بچی زینب کے والد انیس انصاری نے پنجاب کے وزیر اعلیٰ شہباز شریف سے ملاقات کے بعد کہی۔ جس وقت زینب لاپتہ ہوئی، اُس کے والد اپنی اہلیہ کے ساتھ عمرہ کرنے گئے ہوئے تھے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف زینب کی دردناک موت پر اُس کے خاندان سے تعزیت کرنے قصور پہنچے تھے۔

سات سالہ زینب گزشتہ ہفتے اُس وقت لاپتہ ہو گئی تھیں، جب وہ قریب کے ایک گھر میں قرآن کا درس لینے جا رہی تھیں۔ زینب کی لاش منگل کے روز کوڑے کے ایک ڈھیر میں پڑی ملی تھی۔

لاش ملنے کے بعد سے ہی قصور شہر میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا جو آج جمعرات کے روز تک جاری ہے۔ یہ مظاہرے حکومت اور پولیس کے خلاف کیے جا رہے ہیں۔ مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ زینب کے قاتلوں کو فوری گرفتار کر کے عبرت ناک سزا دی جائے۔

ان مظاہروں میں اب تک دو افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ تین کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

Pakistan Beerdigung von ermordetem Mädchen in Kasur
تصویر: Getty Images/AFP/G. Ahmed

شہباز شریف نے زینب کے والد کو یقین دلایا ہے کہ اُن کو انصاف دلایا جائے گا جب کہ پنجاب حکومت کے ایک بیان کے مطابق قصور کے پولیس سربراہ کو اس معاملے میں غفلت برتنے پر ملازمت سے بر طرف کر دیا گیا ہے۔

 علاوہ ازیں پنجاب پولیس کے تین اہلکاروں کو ہوا میں فائرنگ کرنے کے بجائے  پستولوں کا رخ بدھ کے روز مظاہرہ کرنے والوں کی جانب کرنے پر گرفتار بھی کیا گیا ہے۔

زینب کے ساتھ جنسی زیادتی اور اس کے قتل پر پاکستان بھر میں شدید غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ سول سوسائٹی کے کارکنان سمیت ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد اس کی مذمت کر رہے ہیں۔

پاکستانی نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ وہ ایمن کے ساتھ ہوئے الم ناک سانحے پر دل شکستہ ہیں۔ ملالہ نے ایمن کے قاتلوں  کے خلاف کارروائی کا مطالبہ بھی کیا۔