پوپ نے ویٹیکن میں مالی بدعنوانیوں کو تسلیم کر لیا
27 نومبر 2019پوپ فرانسس نے ویٹیکن کے اندر ہونے والی مالی بد عنوانی کو ایک اسکینڈل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس مالی بد عنوانی کی داخلی سطح پر تحقیقات جاری ہیں۔ یاد رہے کہ پوپ کا یہ ایسا پہلا بیان ہے کہ جس میں انہوں نے ویٹیکن کے مالی خرد برد میں بدعنوانی کو تسلیم کیا ہے۔
منگل کے روز جاپان سے واپسی پر دوران پرواز ایک پریس کانفرنس میں پوپ فرانسس کا کہنا تھا کہ یہ واضح ہے کہ ویٹیکن میں بد عنوانی موجود ہے،''تفتیش کے بعد ہم دیکھیں گے کہ آیا وہ لوگ قصوروار ہیں یا نہیں۔ یہ شرمناک ہے۔ ویٹیکن میں ایسا ہونا اچھی بات نہیں۔‘‘
پوپ فرانسس نے اخبار نویسوں کو بتایا کہ 'پیٹرز پینس‘ نامی پوپ چیرٹی فنڈ میں مبینہ مالی بے قاعدگیوں کے بارے میں پتا چلا ہے اور اس رقم سے سینٹرل لندن میں پر تعیش جائیداد خریدنے کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پوپ فرانسس نے اس مسئلے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس طرح جائیداد کی خریداری ضروری نہیں کہ چیرٹی فنڈز کا غلط استعمال ہی ہو۔ پوپ نے کچھ یوں اظہار کیا "جو ہوا سو ہوا۔ یہ اسکینڈل ہے۔ انہوں نے کچھ ایسی چیزیں کی ہیں، جو شفاف دکھائی نہیں دے رہیں"۔
یہ پہلا موقع ہے کہ پوپ فرانسس نے مالی بد عنوانی کے مسئلے پر عوامی سطح پر تفصیلات بیان کی ہیں اور اس بات پر زور دیا کہ اس حوالے سے داخلی سطح پر تحقیقات جاری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سے قبل کئی بار باہر سے بتایا گیا کہ دیکھو اندرکیا ہو رہا ہے،''یہ پہلی مرتبہ ہے کہ باہرکی بجائے چرچ کے اندر سے گندگی کو بے نقاب کیا جا رہا ہے۔‘‘
ع ش / ع ا (dpa, KNA)