1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پوپ کی جانب سے شادی سے قبل بچے پیدا کرنے والے جوڑوں کی شادی

افسر اعوان14 ستمبر 2014

کیھتولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے آج 20 جوڑوں کی شادی کرائی ہے۔ ان میں سے بعض جوڑے ایسے بھی تھے جو کیتھولک تعلیمات کے خلاف شادی سے قبل ہی بچوں کے والدین بن چکے تھے۔

https://p.dw.com/p/1DC3r
تصویر: Reuters/G. Sposito

اس پیشرفت سے کیتھولک چرچ کے نقطہ نظر میں تبدیلی کا اشارہ ملتا ہے۔

پوپ کے درجے پر فائز کیے جانے کے بعد گزشتہ 18 ماہ کے دوران پوپ فرانسس کی طرف سے پہلی بار شادیاں کرائی گئی ہیں۔ انہوں نے باری باری تمام جوڑوں کی شادی کی رسومات ادا کرائیں جن میں گیبریلا اور گیڈو بھی شامل تھے۔ ویٹیکن چرچ کی سرکاری ریڈیو سروس ’ریڈیو ویٹیکینا‘ کے مطابق اس جوڑے کے شادی کے بغیر ہی بچے ہیں اور اس جوڑے کا خیال تھا کہ اسی باعث شاید ان کی شادی ہونا ناممکن ہو۔

کلیسائے روم کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق، ’’اتوار کے روز شادی کے بندھن میں بندھنے والے دیگر بہت سے جوڑوں کی طرح ہی ہیں۔ ان میں سے کچھ پہلے سے ہی اکھٹے رہ رہے ہیں اور کچھ کے بچے بھی ہیں۔‘‘

پوپ فرانسس کی طرف سے پہلی بار شادیاں کرائی گئی ہیں
پوپ فرانسس کی طرف سے پہلی بار شادیاں کرائی گئی ہیںتصویر: AFP/Getty Images/A, Pizzoli

شادی کی یہ تقریب بھی ویٹیکین میں سال 2000ء میں ہونے والی تقریب کے بعد پہلی تھی۔ اس وقت دنیا کے 1.3 ارب کیتھولک مسیحیوں کے رہنما پوپ جان پال دوئم نے شادی کی رسومات ادا کرائی تھیں۔

ارجنٹائن میں پیدا ہونے والے پوپ فرانسس گزشتہ 1300 برس کے دوران پہلے غیر یورپی پوپ ہیں۔ وہ شادی سے قبل کے ازدواجی تعلقات اور ہم جنس پرستی جیسے موضوعات پر جو روایتی طور پر چرچ کی طرف سے ممنوع ہیں، برداشت اور رواداری کا اظہار کر چکے ہیں۔ ہم جنس پرستی کے حوالے سے پوپ فرانسس نے کہا تھا کہ ’میں کون ہوتا ہے کسی ایسے فرد کے بارے میں فیصلہ کرنے والا جو خدا کو مانتا ہے اور اچھے معاملات رکھتا ہے۔‘‘

ایسے معاملات کی جانب پوپ فرانسس کا نقطہ نظر ان کے پیش رو جرمنی سے تعلق رکھنے والے پوپ بینیڈکٹ سے مختلف ہے۔ جنہوں نے ہم جنس پرستی کو روایتی خاندانی نظام اور خود انسانیت کے مستقبل کے لیے خطرہ قرار دیا تھا۔

خاندان سے متعلق معاملات کے بارے میں ویٹیکن میں اگلے ماہ ایک اہم ملاقات ہو رہی ہے جس میں دنیا بھر سے مسیحی مذہبی رہنما شرکت کریں گے۔ پانچ سے 19 اکتوبر تک جاری رہنے اس اجلاس کے دوران بشپ حضرات شادی، طلاق اور اسقاط حمل جیسے موضوعات پر تبادلہ خیال کریں گے۔