پی آئی اے کا ایک مسافر بردار طیارہ گر کر تباہ، تلاش شروع
7 دسمبر 2016پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کے ایک ترجمان دانیال گیلانی نے بتایا کہ اس طیارے پر سینتیس مسافر سوار تھے۔ دیگر خبر رساں اداروں میں مسافروں کی تعداد سینتالیس بھی بتائی جا رہی ہے۔
نیوز ایجنسی روئٹرز نے پاکستانی ٹی وی چینلز کے حوالے سے بتایا ہے کہ بدھ سات دسمبر کو اس طیارے کا چترال سے سہ پہر تین بج کر پچاس منٹ پر اپنی پرواز شروع کرنے کے تھوڑی ہی دیر بعد گراؤنڈ کنٹرول کے ساتھ رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔
روئٹرز کے مطابق جیو نیوز اور ڈان نیوز نے یہ بتایا ہے کہ پی آئی اے کے طیارے اے ٹی آر بیالیس کی پرواز 661 پر سینتالیس افراد موجود تھے، جن میں بعض میڈیا رپورٹوں کے مطابق غالباً سابقہ گلوکار اور موجودہ مذہبی شخصیت جنید جمشید بھی شامل تھے۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے بتایا ہے کہ فوجی دستے اور ہیلی کاپٹر حویلیاں کے قریب اس طیارے کو تلاش کر رہے ہیں۔
مقامی ٹی وی چینلز عینی شاہدین کے حوالے سے بتا رہے ہیں کہ پہلے اس طیارے میں آگ لگی تھی اور اب اس کے ملبے سے دھواں اٹھتا دیکھا جا رہا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف نے فوری طور پر ریلیف اینڈ ریسکیو آپریشن کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔