پی ایس ایل میں 'ہیلی کاپٹر شاٹ‘ کے چرچے
31 جنوری 2022پاکستان سپر لیگ 2022 (پی ایس ایل) کے پانچویں میچ میں پشاور زلمی کی ٹیم اگرچہ اسلام آباد یونائٹڈ کے خلاف کھیلے گئے ایک میچ میں شکست کھا گئی لیکن اس میچ میں اسلام آباد کی ٹیم کی نمائندگی کرنے والے افغان کھلاڑی رحمان اللہ گرباز کی ایک 'ہیلی کاپٹر شاٹ‘ نے شائقین کے دل موہ لیے۔
اتوار کو کراچی میں کھیلے گئے اس میچ میں پشاور زلمی نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے دارالحکومت اسلام آباد کی ٹیم کو 169 کا ٹارگٹ دیا تھا، اسلام آباد جب اس اسکور کے تعاقب میں تھا تو گرباز نے سولہویں اوور میں پاکستان کے مایہ ناز بولر سہیل خان کو مڈ وکٹ پر چھکا لگا دیا۔
اس چھکے کی خصوصی بات یہ تھی کہ گرباز نے ایک انتہائی اچھی لائن اور لینتھ والی بال کو 'ہیلی کاپٹر شاٹ‘ کے ذریعے باؤنڈری سے باہر پہنچایا۔
سباق لیجنڈری بھارتی ٹیسٹ کپتان مہندر سنگھ دھونی کی ایجاد کردہ اس 'ہیلی کاپٹر شاٹ‘ پر کئی کھلاڑی مہارت حاصل کر چکے ہیں، جن میں بھارتی آل راؤنڈر ہادرک پانڈیا اور دنیش کارتک بھی شامل ہیں۔
تاہم جس انداز میں رحمان اللہ گرباز نے اس شاٹ کو کھیلا، اس پر کرکٹ ناقدین واہ واہ کر اٹھے۔ اسلام آباد کی ٹیم یہ میچ سہولویں اوور میں ہی آسانی سے جیت گئی۔
ہیلی کاپٹر شاٹ میں بلے باز نیچے رہ کر وکٹوں یا پیڈز کی طرف آنے والی گیند کو سیدھا ہی کھڑے بلے کے نچلے حصہ سے کھیلتے ہوئے انتہائی برق رفتاری اور مضبوطی سے مڈ وکٹ کی طرف ہوا میں اٹھاتا ہے۔ اس شاٹ میں بلا اس انداز میں یک دم اتنی تیزی سے گھومتا ہے کہ وہ ہیلی کاپٹر کے پروں جیسا دکھائی دیتا ہے۔
پی ایس ایل میں اس شاٹ کو افغان کھلاڑی راشد خان نے مقبول بنایا ہے تاہم ان کے ہم وطن گرباز نے جس انداز میں سہیل خان کو چھکا لگایا، اس کے چرچے بھارت میں بھی پہنچ گئے، جہاں پی ایس ایل کے شائقین نے انہیں دل کھول کر داد دی۔
پی ایس کے رواں ایڈیشن میں فی الحال دفاعی چیمپئن ملتان سطان چار پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر پہلے نمبر پر ہے جبکہ کراچی کی ٹیم تینوں میچ ہار کر آخری پوزیشن پر۔
اسلام آباد یونائیٹڈ، پشاور زلمی، کوئٹہ گلیڈیٹرز، لاہور قلندرز اور پشاور زلمی نے ایک ایک میچ جیتا ہے، یوں ان سبھی ٹیموں کے پوائنٹس دو دو ہیں۔ پی ایس ایل 2022 کا فائنل میچ ستائیس فروری کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔