1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پیغمبر کے بارے میں متنازعہ فلم، مسیحی سراپا احتجاج

10 جنوری 2020

برازیل کی سپریم کورٹ نے وہ فیصلہ منسوخ کر دیا ہے، جس کے تحت پیغمبر یسوع مسیح سے متعلق نیٹ فلیکس کی ایک متنازعہ فلم پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔ متنازعہ فلم میں پیغمبر یسوع مسیح کے تعلقات ہم جنس پرستوں سے جوڑے گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/3VzFd
Screenshot Netflix Satire The First Temptation of Christ
تصویر: Netflix

برازیل کی سپریم کورٹ کے اعلیٰ جج انٹونیو ڈیاس ٹوفولی کا متنازعہ فلم کے حوالے سے کہنا تھا کہ یہ الزام بے بنیاد ہے کہ اس فلم کی تحت مسیحیوں کی توہین کی گئی ہے۔  اعلیٰ جج انٹونیو ڈیاس ٹوفولی  نے مزید کہا ہے، ''کوئی یہ خیال بھی نہیں کر سکتا کہ ایک مضحکہ خیز فلم عیسائی عقیدے کی اقدار کو کمزور کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ یہ عقیدہ دو ہزار سال پرانا ہے اور برازیلی شہریوں کی اکثریت اسی مذہب سے تعلق رکھتی ہے۔‘‘

اس متنازعہ فلم کا نام 'دا فرسٹ ٹیمپٹیشن آف کرائسٹ‘ ہے اور اسے برازیل ہی کی ایک کمپنی 'پورٹا ڈوس فونڈوس‘ نے دسمبر میں ریلیز کیا تھا۔ اس کے بعد سے مسیحی حلقوں کی جانب سے اسے شدید تنقید کا سامنا ہے۔ برازیل کے مذہبی سیاستدانوں کے علاوہ  ملکی کیتھولک اور پروٹسٹنٹ چرچ نے بھی اس فلم کی ریلیز کے خلاف شدید احتجاج کیا ہے۔ اس احتجاج کے بعد زیریں عدالت نے اس پر پابندی عائد کر دی تھی۔

اس متنازعہ فلم میں دکھایا گیا ہے کہ پیغمبر یسوع مسیح صحرا میں چالیس دن گزارنے کے بعد جب واپس لوٹتے ہیں تو واپسی پر ان کے ہمراہ ان کا ایک دوست اورلانڈو بھی ہوتا ہے۔

قبل ازیں ویڈیوز آن ڈیمانڈ پلیٹ فارم نیٹ فلیکس کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا تھا، ''ہم فن کے اظہار کی بھرپور حمایت کرتے ہیں اور ہم ان بنیادی اصولوں کے دفاع کے لیے لڑتے رہے ہیں، جو کسی بھی عظیم کہانیوں کا مرکزہ ہوتے ہیں۔‘‘

گزشتہ برس کرسمس کے موقع پر مظاہرین نے یہ متنازعہ فلم بنانے والی کمپنی کے ہیڈکوارٹر پر بھی حملہ کیا تھا اور اسے آگ لگانے کی کوشش کی تھی۔ پولیس کے مطابق اس حملے میں متعدد نقاب پوش ملوث تھے اور جس ایک شخص کی شناخت ممکن ہوئی تھی، وہ روس فرار ہو چکا ہے۔

کامیڈی پروڈیوس کرنے والے کمپنی'پورٹا ڈوس فونڈوس‘ کی بنیاد سن 2012 میں رکھی گئی تھی اور سن 2018 میں اس کمپنی نے ایمی ایوارڈ بھی حاصل کیا تھا۔

ا ا / ع ح ( اے ایف پی، روئٹرز)