1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

'پیٹری کے بغیر اے ایف ڈی زیادہ اسلام مخالف ثابت ہو گی‘

صائمہ حیدر
21 اپریل 2017

جرمنی میں مسلمانوں کی مرکزی کونسل کا کہنا ہے کہ ملک میں دائیں بازو کی جماعت اے ایف ڈی ستمبر میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں پارٹی کی شریک سربراہ کے بغیر زیادہ بنیاد پرست اور اسلام مخالف ثابت ہو سکتی ہے۔

https://p.dw.com/p/2bfU4
Deutschland Frauke Petry, AfD
 پیٹری کا کہنا ہے کہ جماعت کے اندر اُن کے حریف اے ایف ڈی کو ایک بنیاد پرست جماعت بنانا چاہتے ہیںتصویر: Getty Images/AFP/J. MacDougall

اسلام اور مہاجرت مخالف جماعت اے ایف ڈی کی شریک سربراہ فراؤکے پیٹری اس پارٹی کی شناخت بن کر ابھری تھیں۔ اے ایف ڈی یا ’متبادل برائے جرمنی‘ نے  سن 2015 میں بالخصوص جرمنی اور بالعموم پورے یورپ میں پیدا ہونے والے مہاجرین کے بحران کے دوران جرمن چانسلر انگیلا میرکل کی قدامت پسند جماعت سی ڈی یو کو کافی نقصان بھی پہنچایا تھا۔

 پارٹی میں کئی ماہ تک جاری رہنے والی طاقت کی کشمکش کے بعد پیٹری نے دو روز قبل اعلان کیا تھا کہ وہ ستمبر میں ہونے والے انتخابات میں پارٹی کی انتخابی مہم کی قیادت نہیں کریں گی۔ پیٹری کے اس اعلان کو وسیع پیمانے پر اعترافِ شکست کے طور پر دیکھا جا رہا ہے اگرچہ فراؤکے پیٹری کا کہنا ہے کہ وہ پارٹی کے مشترک رہنما کی حیثیت سے کام کرتی رہیں گی۔

اے ایف ڈی، اس ہفتے کے آخر میں ہونے والی ایک پارٹی کانگریس میں یہ جانچنے کے لیے کہ پیٹری اب بھی جماعت میں اثر و رسوخ  رکھتی ہیں یا نہیں،اس معاملے پر بات کرے گی کہ آیا اس جماعت کو مستقبل میں دیگر جماعتوں کے ساتھ الحاق کرنا چاہیے۔

Deutschland Symbolbild Alternative für Deutschland - AfD
تصویر: picture-alliance/dpa/K.-D. Gabbert

 پیٹری کا کہنا ہے کہ جماعت کے اندر اُن کے حریف اے ایف ڈی کو ایک بنیاد پرست جماعت بنانا چاہتے ہیں۔ جرمنی میں مسلمانوں کی مرکزی کونسل کے سربراہ ایمن مزیک نے جرمن اخبار ’نوئے اوسنابروکر سائٹنگ‘ کو ایک انٹرویو میں کہا،’’ پیٹری مرکزی مسلم کونسل کے ساتھ اہم امور پر بات چیت کے لیے ہمہ وقت تیار رہتی تھیں جبکہ پارٹی کی مرکزی قیادت میں شامل چند عناصر نے ایسا کرنے سے مکمل طور پر انکار کر دیا تھا۔‘‘

 گزشتہ برس اے ایف ڈی نے اپنے  انتخابی منشور کی توثیق کی تھی، جس کے مطابق مذہبِ اسلام جرمن آئین کے ساتھ ہم آہنگ نہیں ہے۔ رواں برس ستمبر میں ہونے والے وفاقی انتخابات سے قبل پیٹری کی کوشش تھی کہ زیادہ سخت نظریات سے تھوڑا سا پیچھے ہٹتے ہوئے اے ایف ڈی کو ووٹرز کے لیے زیادہ قابل قبول بنایا جائے۔

 فراؤکے پیٹرے کا انتخابی مہم میں اپنی جماعت کی قیادت نہ کرنے کا اعلان پہلے سے مستحکم سیاسی جماعتوں کو فائدہ پنہچا سکتا ہے۔