چائنیز گراں پری، ہیملٹن نے بدلہ چکا دیا
9 اپریل 2017فارمولا ون موٹر ریسنگ کے سلسلے میں رواں سیزن کی دوسری گراں پری میں مرسیڈیز ٹیم کے برطانوی ڈرائیور لوئیس ہیملٹن نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور فیراری ٹیم کے ڈرائیور سباستیان فیٹل کو شکست دے کر افتتاحی ریس کا بدلہ چکا دیا۔ اس ریس میں ہیملٹن نے پول پوزیشن سے آغاز کیا تھا۔
فارمولا ون سیزن شروع: آسٹریلین گراں پری ریس فیٹل کے نام
فارمولا ون، جرمن ڈرائیور روزبیرگ عالمی چیمپئن بن گئے
ہسپانوی گراں پری، فرسٹاپن کا انوکھا اعزاز
حادثات سے بھرپور چائنیز گراں پری میں ہیملٹن نے صرف چھ سیکنڈ کے فرق سے فیٹل کو دوسرے نمبر پر دھکیلا۔ چائینز گراں پری میں ہیملٹن کی یہ مجموعی طور پر پانچویں کامیابی ثابت ہوئی۔ ریس کے بعد انہوں نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہت خوش ہیں کہ انہیں اس ریس میں کامیابی ملی۔
ریڈ بل ٹیم کے ڈرائیور فرسٹاپن کی کار کو اگرچہ اس ریس کے آغاز میں ہی سیفٹی مسائل کی وجہ سے کچھ دیر رکنا پڑا لیکن وہ پھر بھی تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے۔ نوجوان ڈچ ڈرائیور کا کہنا تھا کہ وہ آئندہ ریسوں میں زیادہ بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔
فارمولا ون موٹر ریسنگ کے رواں سیزن کی پہلی ریس یعنی آسٹریلوی گراں پری میں جرمن ڈرائیور سباستیان فیٹل نے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ دو ہفتے قبل ہونے والی اس گراں پری میں ہیملٹن دوسرے نمبر پر رہے تھے۔ ماہرین کے مطابق رواں سیزن کے عالمی چمپئن کے لیے ہیملٹن اور فیٹل ہی فیورٹ ہیں جبکہ اس مرتبہ ان دونوں میں سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔
پروگرام کے مطابق اگلی گراں پری بحرین میں سولہ اپریل کو منعقد کی جائے گی۔ یاد رہے کہ گراں پری جیتنے والے ڈرائیور کو پچیس پوائنٹس ملتے ہیں جب کہ دوسرے نمبر پر آنے والے کو اٹھارہ اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے ڈرائیور کو پندرہ پوائنٹس دیے جاتے ہیں۔