1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’چرچ میں جن نکالنے کا عمل‘، حاملہ خاتون اور پانچ بچے ہلاک

17 جنوری 2020

حکام نے پاناما کے ایک ’چرچ‘ میں پیش آنے والے خوفناک واقعے کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جن نکالنے کے عمل کے دوران سات افراد ہلاک کر دیے گئے۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک حاملہ خاتون اور پانچ بچے شامل ہیں۔

https://p.dw.com/p/3WLbK
Panama Ngöbe-Buglé Polizeihubschrauber nach Morden von religiöser Sekte
تصویر: Reuters/Panama Public Ministry

یہ واقعہ پاناما کے ایک 'مقامی فرقے کے چرچ‘ میں پیش آیا اور سات افراد کی مسخ شدہ لاشیں چرچ کے قریب ہی ایک اجتماعی قبر سے ملی ہیں۔ جمعرات کو مقامی پولیس کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ دور دراز کے ایک دیہات میں رونما ہوا، جہاں مقامی فرقہ بدروحیں بھگانے کے لیے مخصوص مذہبی رسومات ادا کرتا ہے۔

پاناما کے مغربی صوبے بوکاس ڈیل ٹورو کے سینئر پراسیکیوٹر رافائل بالوئس کا کہنا تھا کہ سب متاثرین کو ایک اجتماعی قبر میں دفن کیا گیا تھا، ''ہم سات افراد کی بات کر رہے ہیں۔ ان میں سے چھ متاثرین کی عمریں ایک سے سترہ برس کے درمیان ہیں۔‘‘ انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مزید بتایا، ''چھ متاثرین کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔ ایک ماں اور اس کے پانچ بچے ہلاک کیے گئے۔ ماں اس وقت حاملہ تھی۔‘‘

Panama Ngöbe-Buglé Massengrab von religiöser Sekte entdeckt
پولیس حکام نے 'دا نیو لائٹ آف گاڈ‘ نامی فرقے سے تعلق رکھنے والے پندرہ افراد کو کارروائی کرتے ہوئے وہاں سے رہا کروا لیا تھا۔تصویر: AFP/TVN Noticias/HO

پولیس کو اس 'چرچ‘ میں جاری سرگرمیوں کے بارے میں اطلاع تین مقامی افراد نے دی تھی۔ ان تینوں افراد نے اس 'چرچ‘ سے دوری اختیار کر لی تھی، جہاں جن نکالنے یا بدروحیں دور کرنے کا یہ عمل کیا جاتا تھا۔

رافائل بالوئس کا صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہنا تھا، ''ایک مخصوص مذہبی رسم عمارت کے اندر ہی ادا کی جاتی تھی۔ اس مذہبی رسم کے دوران لوگوں کو زبردستی وہاں رکھا جاتا تھا اور ان سے برا سلوک برتا جاتا تھا۔‘‘

پولیس کے مطابق، ''اگر یہ افراد اپنے گناہوں سے توبہ نہیں کرتے تھے تو انہیں ایسی رسموں کے ذریعے قتل کر دیا جاتا تھا۔‘‘ تفتیش کاروں کو وہاں سے خنجر، چاقو اور بکریوں کی قربانی دینے کے شواہد بھی ملے ہیں۔

بدھ کے روز پولیس حکام نے 'دا نیو لائٹ آف گاڈ‘ نامی فرقے سے تعلق رکھنے والے پندرہ افراد کو کارروائی کرتے ہوئے وہاں سے رہا کروا لیا تھا۔ یہ غیر معروف فرقہ پاناما کے کیریبین ساحل کے مضافات میں سرگرم ہے۔ قتل کے الزام میں اس فرقے کے دس افراد پولیس کی حراست میں ہیں۔

ا ا /  ع ا (اے ایف پی، اے پی، روئٹرز)