چوتھا اور آخری کوارٹر فائنل آج
26 مارچ 2011گزشتہ روز نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کو ہراتے ہوئے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کر لی ہے۔ آج کے کوارٹر فائنل میچ میں جیتنے والی ٹیم کا ٹکراؤ 29 مارچ کو نیوزی لینڈ کی ٹیم سے ہوگا۔ ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے سلسلے میں جمعے کے روز کھیلے جانے والے کوارٹرفائنل میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے 221 رنز بنائے، جواب میں جنوبی افریقہ کی ساری ٹیم 43.2 اوورز میں 172 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی۔
بنگلہ دیش میں ڈھاکا کے شیربنگال اسٹیڈیم میں کھیلے گئے کوارٹر فائنل میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ کیوی ٹیم کی جانب سے کھیل کا آغاز مایوس کن انداز میں ہوا اور محض پانچ سکور پر ہی اسے اپنی پہلی وکٹ سے ہاتھ دھونا پڑے، جب برینڈن میکلم چار رنز بنا کر پولین لوٹ گئے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے جیسی رائڈر تراسی رنز کے ساتھ سب سے نمایاں بلے باز رہے۔ جنوبی افریقہ کی بیٹنگ لائن نیوزی لینڈ کی بالنگ کے آگے بالکل بے بس نظر آئی اور اس کے صرف چار بیٹس مین ڈبل فیگر میں داخل ہونے میں کامیاب ہوئے۔
جیک کیلس 47 اسکور کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ عالمی کرکٹ کپ کی تاریخ میں یہ چھٹا موقع ہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی ہے تاہم یہ ٹیم عالمی کرکٹ کپ کا فائنل کھلینے کا خواب ابھی تک پورا نہیں کر پائی ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں پہلے ہی سیمی فائنل میں پہنچ چکی ہے۔ پاکستان نے پہلے کوارٹر فائنل میچ میں ویسٹ انڈیز کو باآسانی 10 جبکہ بھارت نے دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔
ٹورنامنٹ کا پہلا سیمی فائنل 29 مارچ کو پریما داسا سٹیڈیم کولمبو جبکہ دوسرا سیمی فائنل 30 مارچ کو بھارت کے شہرموہالی میں کھیلا جائے گا۔
رپورٹ: امتیاز احمد
ادارت: عاطف توقیر