1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چھ ریاستوں میں پرائمریز، کلنٹن اور ٹرمپ کی نامزدگی یقینی

Milan Gagnon / امجد علی7 جون 2016

امریکا میں نومبر میں مجوزہ صدارتی انتخابات میں کن امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہو گا، اس کا فیصلہ کرنے کے لیے منگل سات جون کو امریکا کی چھ ریاستوں میں آخری پرائمریز منعقد ہو رہی ہیں۔ کلنٹن اور ٹرمپ کی نامزدگیاں یقینی ہیں۔

https://p.dw.com/p/1J1lk
USA Hillary Clinton Los Angeles
آٹھ سال تک خاتونِ اوّل، چار سال تک وزیر خارجہ اور آٹھ سال تک سینیٹر کے طور پر سرگرم رہنے والی ہلیری کلنٹن اب ملک کی پہلی خاتون صدر بھی بن سکتی ہیںتصویر: pictue-alliance/epa/P. Buck

یہ چھ پرائمریز کیلیفورنیا کے ساتھ ساتھ مونتانا، نیو جرسی، نیو میکسیکو، ساؤتھ ڈیکوٹا اور نارتھ ڈیکوٹا میں منعقد ہو رہی ہیں۔ ان میں سے سب سے بڑی ریاست کیلیفورنیا سے ڈی ڈبلیو کے نمائندے میلان گیگنون نے اپنی خصوصی رپورٹ میں لکھا ہے کہ صدارتی امیدوار کے انتخاب کے لیے اس آخری مرحلے سے پہلے ہی یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ بالآخر ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے ہلیری کلنٹن اور ری پبلکن پارٹی کی طرف سے ڈونلڈ ٹرمپ نومبر کے صدارتی انتخابات کے لیے امیدوار ہوں گے۔

ان چھ پرائمریز میں ووٹنگ سے پہلے ہی آٹھ سال تک خاتونِ اوّل، چار سال تک وزیر خارجہ اور آٹھ سال تک سینیٹر کے طور پر سرگرم رہنے والی ہلیری کلنٹن کو اتنے مندوبین کی زبانی حمایت حاصل ہو گئی ہے کہ اُن کی بطور صدارتی امیدوار نامزدگی اب یقینی ہو چکی ہے۔

کیلیفورنیا میں 475 مندوبین اپنے ووٹ کاسٹ کریں گے۔ ریاست نیو جرسی میں مندوبین کی تعداد 142 ہے اور وہاں کلنٹن کی کامیابی یقینی ہے۔

ڈیموکریٹک پارٹی میں کلنٹن کے سب سے بڑے حریف بیرنی سینڈرز ابھی تک ہمت نہیں ہارے۔ کیلیفورنیا سے ڈی ڈبلیو کے نمائندے میلان گیگنون لکھتے ہیں کہ مارچ میں ہی کیلیفورنیا کے کیتھیڈرل سٹی میں سینڈرز کے حامی کھلے آسمان تلے ایک میز کے اردگر بیٹھے اپنے اپنے لیپ ٹاپس پر جھکے ہوئے تھے اور اپنے اپنے موبائل فونز پر درجنوں ممکنہ ووٹرز کے ساتھ رابطہ کر رہے تھے۔

ان حامیوں میں شامل نکی سلاٹر نے کہا کہ 2008ء کی انتخابی مہم میں اُس نے ہلیری کلنٹن کے مقابلے پر باراک اوباما کی حمایت کی تھی اور اب اس لیے سینڈرز کی حامی ہے کیونکہ وہ کلنٹن کے برعکس بڑی بڑی کارپوریشنز، لابی گروپوں اور جینیاتی تبدیلی والی خوراک کا مخالف ہے۔

منصفانہ اجرتوں کے حامی اور تیل اور گیس نکالنے کے لیے فریکنگ جیسے متنازعہ طریقے کے مخالف سینڈرز کیلیفورنیا میں اپنی آخری جنگ لڑیں گے اور اُن کے حامیوں کو یقین ہے کہ کم از کم کیلیفورنیا میں سینڈرز کی جیت کلنٹن کو یہ پیغام ضرور دے گی کہ گو مندوبین نے اُنہی کو صدارتی امیدوار نامزد کیا ہے لیکن عام لوگوں نے اُنہیں رَد کر دیا ہے۔

Infografik US-Vorwahlen Gewinner Stand 06.06.2016 Englisch
صدارتی امیدواروں کی نامزدگی کے لیے آخری پرائمریز کیلیفورنیا کے ساتھ ساتھ مونتانا، نیو جرسی، نیو میکسیکو، ساؤتھ ڈیکوٹا اور نارتھ ڈیکوٹا میں منعقد ہو رہی ہیں

پرائمریز کا سلسلہ یکم فروری کو آئیووا سے شروع ہوا تھا۔ ایک ہفتے بعد نیو ہیمشائر اور پھر نیوادا اور ساؤتھ کیرولینا کی باری آئی۔ یکم مارچ کو بارہ مزید ریاستوں میں پرائمریز کا انعقاد ہوا۔ مارچ میں ڈیموکریٹک پارٹی میں صدارتی امیدوار بننے کے دو ہی خواہشمند باقی رہ گئے تھے جبکہ ری پبلکن پارٹی کے سترہ میں سے چار امیدوار میدان میں باقی رہ گئےتھے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید