چھوٹے سے لیموں کے بڑے فوائد
بہت سے کھانوں میں لیموں کے رس کے چند قطرے ڈالنے سے اُن کا ذائقہ بڑھ جاتا ہے۔ اِس رس میں پایا جانے والا وٹامن سی اور بہت سے دوسرے عناصر صحت کے لیے بہت مفید ہوتے ہیں اور وزن کم کرنے میں مددگار بھی۔
وزن کم کرنے میں مددگار
وزن کم کرنے کے عمل میں نہ صرف جسم میں جمع ضرورت سے زیادہ چربی بلکہ اور بھی کئی طرح کے غیر ضروری مادوں کا اخراج ضروری ہوتا ہے۔ تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ جب جسم میں سے فاضل مادے کم ہوتے ہیں تو وزن بھی کم ہونے لگتا ہے۔ ظاہر ہے کہ خوراک میں کیلوریز کم کیے بغیر اور ورزش کیے بغیر وزن میں کوئی تبدیلی نہیں ہو گی۔
صبح کا پہلا گلاس
صبح صبح گرم پانی میں ليموں نچوڑ کر پینے کے بہت سے فوائد بتائے گئے ہیں لیکن اس کے علاوہ بھی ایک بالغ شخص کو دن میں تقریباً 8 سے 10 گلاس پانی ضرور پینا چاہیے۔ سکنجبین یا لیموں پانی میں مٹھاس کے لیے چینی کی بجائے شہد بھی ملایا جا سکتا ہے۔
کھانے میں شامل کریں
کھانے میں پھل اور سبزیوں کی مقدار بڑھانے اور گوشت اور شکر کو کم کرنے سے بھی وزن کم کرنے میں مدد ملے گی۔ آپ چاہیں تو سلاد یا کسی اور سالن میں لیموں کا رس بھی ملا سکتے ہیں۔ وٹامن سی کے علاوہ اس رَس سے پوٹاشیم بھی ملتا ہے، جس کے ساتھ اعصابی نظام، دل اور پٹھے مناسب طریقے سے کام کرتے ہیں۔
بیکٹیریا کا دشمن
لیموں کے رس میں پائے جانے والے عناصر بیکٹیریا کا خاتمہ کرتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ لیموں کا رَس غذا کو ہضم کرنے میں بھی مدد دیتا ہے۔ لیموں کا رَس آنتوں میں موجود ضرر رساں بیکٹیریا کو مارتا ہے اور پیشاب کے ساتھ انہیں جسم سے باہر نکال دیتا ہے۔ پیٹ اور آنتوں کو صحت مند رکھنے میں اس کا اہم کردار ہوتا ہے۔
کینسر اور پتھری سے بچائے
جرمنی کی بوخُم یونیورسٹی کے ریسرچرز نے پتہ چلایا ہے کہ لیموں کا رَس کینسر کے خلیات کی افزائش کو روکنے میں مدد گار ثابت ہو سمکتا ہے۔ اس کے علاوہ اسے گردے کے امراض میں بھی مفید پایا گیا ہے اور یہ گردوں میں پتھری بننے کے عمل کو بھی روکنے میں مؤثر ثابت ہو سکتا ہے۔
خوبصورت جلد بھی
لیموں میں ایسی خصوصیات بھی پائی جاتی ہیں، جن کی وجہ سے جلد طویل عرصے تک جوان رہ سکتی ہے۔ اس کے علاوہ چہرے کے روئیں بھی اس کے رنگ کی مدد سے ہلکے کیے جا سکتے ہیں۔