1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چھٹے جونیئر ویمنز ایشیا ہاکی کپ میں پاکستان کی شرکت

طارق سعید، لاہور9 دسمبر 2008

چھٹے جونیئرویمنزایشیا کپ میں شرکت کے لئے پاکستانی خواتین کی قومی ہاکی ٹیم منگل کے روز ملائیشیا کے لئے روانہ ہوگئی ہے۔ نو روز تک جاری رہنے والا یہ ٹورنامنٹ 13 دسمبر سے کوآلالمپور میں شروع ہورہا ہے۔

https://p.dw.com/p/GBsi
چین کی خواتین کی قومی ہاکی ٹیم اتنی مضبوط ہے کہ اسی سال اگست میں بیجنگ اولمپکس کے دوران چین نے جرمنی کو بھی ہرادیا تھاتصویر: AP

اس ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی ٹیموں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں پاکستان کے علاوہ جاپان، چین، تھائی لینڈ اور میزبان ملک ملائیشیا شامل ہے جبکہ بھارت، سنگاپور، جنوبی کوریا اور تائیوان کو گروپ بی میں رکھا گیا ہے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن میں خواتین کا شعبہ قریب 20 برس قبل قائم کیا گیاتھا۔ تاہم مساوی مواقع کا نہ ہونا اور مختلف حلقوں کی جانب سے مخالفت کی وجہ سے پاکستان سے خواتین کی قومی ہاکی ٹیم کا یہ آج تک کا صرف چوتھا غیرملکی دورہ ہے۔

پاکستانی ٹیم کی کپتان سحرش گھمن نے ڈوئچے ویلے کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس ٹورنامنٹ میں شرکت کا مقصد پاکستانی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی ہاکی سے روشناس کراناہے۔ انہوں نے کہا کہ کوآلالپمور جانے والی ٹیم میں شامل تمام کھلاڑی لڑکیاں نئی ہیں اور ان کا انتخاب کرتے ہوئے یہ امر بھی مد نظررکھا گیا کہ ایشیا کپ میں غیرملکی ٹیموں کے خلاف کھیلتے ہوئے انہیں بہت کچھ سیکھنے کا موقع بھی ملے گا۔

سحرش گھمن کا کہنا تھا کہ انہیں اور ان کی ٹیم میں شامل کھلاڑیوں کو اس ٹورنامنٹ کی بھرپور تیاری کا موقع نہیں مل سکا۔ ان کے مطابق مجموعی طور پر وقت کم تھا اور اسی لئے تربیتی کیمپ میں کھلاڑیوں کی جسمانی فٹنس بہتربنانے پرزیادہ توجہ دی گئی۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ان کی ٹیم ایشیا کپ میں بہتر کھیل پیش کرے گی تاکہ پاکستان اور خواتین کی نمائندگی کا حق ادا ہوسکے۔

اس ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے پاکستانی ٹیم نے سابق اولمپئین اورکوچ اخلاق احمد کی نگرانی میں دوہفتے تک ہاکی کلب آف پاکستان کراچی میں تربیت حاصل کی۔ پاکستانی ٹیم اپنا پہلا میچ ٹورنامنٹ کے افتتاحی روز تھائی لینڈ کی ٹیم کے خلاف کھیلے گی۔