چیمپیئنز ٹرافی شروع: میزبان جنوبی افریقہ چِت
23 ستمبر 2009چیمپیئنز ٹرافی کا دوسرا میچ آج بدھ کو کھیلا جائے گا۔ یہ میچ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ہے۔ پاکستان کے لئے کپتان یونس خان نہیں کھیل سکیں گے۔ جنوبی افریقہ میں وارم اپ میچوں کے دوران ان کے دائیں ہاتھ کی چھوٹی انگلی میں ایک کیچ پکڑتے ہوئے انتہائی باریک فریکچر آ گیا تھا۔ ابتداء میں ڈاکٹروں نے ایکس رے رپورٹ کے بعد ان کو تین دن تک آرام کرنے کا مشورہ دیا تھا۔ تب تک کچھ امید تھی کہ وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف پاکستان کے میچ میں بطور کپتان اپنے فرائض انجام دے سکیں گے۔ لیکن تازہ ایکس رے رپورٹ اور طبی معائنے کے بعد ان کو پہلا میچ نہ کھیلنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
جوہانس برگ میں پاکستان کو ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم کا سامنا ہے۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم میں سینئر کھلاڑی موجود نہیں ہیں۔ کرس گیل، سروان، چندر پال اور دوسرے کھلاڑی میچ کے معاوضے سے متعلق معاہدے پر دستخط کرنے سے انکاری ہیں۔ اسی باعث بنگلہ دیش کی ویسٹ انڈیز آمد پر ایک کمزور ٹیم میدان میں اتاری گئی تھی جو بہتر کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکی۔ بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم نے دو ٹیسٹ میچوں میں کامیابی کے علاوہ ایک روزہ میچوں کی سیریز بھی جیت لی تھی۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم میں کپتان یونس خان کی کمی محسوس تو کی جائے گی لیکن اس میچ کے لئے کپتان شاہد آفریدی سے بھی بہتر نتائج کی توقع کی جا رہی ہے۔
افتتاحی میچ : جنوبی افریقہ بمقابلہ سری لنکا
چیمپیئنز ٹرافی کے پہلے میچ میں غیر متوقع طور پر جنوبی افریقہ کی ٹیم افتتاحی میچ میں سری لنکا کے خلاف بہتر کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی۔ سری لنکا کی ٹیم نے مقررہ پچاس اوورز میں 319 رنز بنائے جن میں دلشان کی شاندار سینچری بھی شامل تھی۔ سنگاکارا اور جے وردنے نے بھی نصف سینچریاں بنائیں۔ سینتیسویں اوور تک جنوبی افریقہ کی ٹیم صرف 206 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی تھی کہ بارش کے باعث کھیل روک دیا گیا۔ تب تک جنوبی افریقہ کے ساتھ کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔ ڈک ورتھ لوئس اصول کے تحت جنوبی افر یقہ کی ٹیم یہ میچ ہار گئی۔ مسلسل بارش کے بعد بقیہ میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا گیا۔ سری لنکا کی ٹیم کو ڈک ورتھ لوئس اصول کے تحت 55 رنز سے کامیاب قرار دیا گیا۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم پر اب بقیہ میچوں میں خاصا دباؤ ہو گا۔