1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چین سب سے بڑا خطرہ ہے، امریکی انٹیلیجنس

8 جولائی 2020

ایف بی آئی کے سربراہ نے کہا ہے کہ چین دنیا کا اکیلا سپر پاؤر بننے کے لیے کچھ بھی کر گذرنے کے لیے تیار ہے اور وہ بیرون ملک مقیم اپنے باشندوں کی زبردستی وطن واپسی کے لیے بھی ہر طرح کے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے۔ 

https://p.dw.com/p/3ewlS
USA FBI Chef Wray - Floridas Gouverneur fordert seinen Rücktritt
تصویر: Getty Images/AFP/S. Loeb

ایف بی آئی کے سربراہ کرسٹوفر رے منگل کو واشنگٹن کے ہڈسن انسٹیٹیوٹ میں ایک سیمینار سے خطاب میں کر رہے تھے۔ ایک گھنٹے کی اپنی تقریر میں انہوں نے کہا کہ چین کی طرف سے امریکی معیشت، ٹیکنالوجی اور سیاست میں مداخلت امریکا کے لیے سب سے بڑا خطرہ بن کر اُبھر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان دنوں امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارہ تقریبا ہر دس گھنٹے میں چین کی طرف سے ایک نئے انٹیلیجنس حملے سے نبرد آزما ہونے میں لگا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا،''اس وقت ہم ملک بھر سے کاؤنٹر انٹیلیجنس کے جن تقریبا پانچ ہزار کیسز سے نمٹ رہے ہیں، ان میں سے آدھے کیسز کا تعلق چین سے ہے۔"

انہوں نے کہا کہ چین کا انٹیلیجنس آپریشن لگاتار امریکی حکومت، اس کی پالیسیوں اور موقف کو ٹارگٹ کر رہا ہے، جس کا اثر صدارتی الیکشن پر بھی پڑ سکتا ہے۔ 

 

China Donald Trump und Xi Jinping
تصویر: picture-alliance/AP Photo/A. Wong

بیجنگ کا آپریشن 'فوکس ہنٹ'

ایف بی آئی کے ڈائریکٹر نے کہا کہ چین کی حکومت ایک حکمت عملی کے تحت بیرون ملک مقیم اپنے باشندوں کو بھی نشانہ بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پالیسی کے تحت چین سے تعلق رکھنے والے ایسے شہریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جو اپنے ملک میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر آواز اٹھاتے ہیں۔

کرسٹوفر رے نے الزام لگایا کے چینی حکومت کے 'فوکس ہنٹ' نامی اس پروگرام کی نگرانی خود صدر شی جِن پِنگ کرتے ہیں۔

چین کی حکومت اس پروگرام کے وجود سے انکار نہیں کرتی تاہم اس کا کہنا ہے کہ اس کا نشانہ کرپشن میں ملوث افراد ہیں جو ملک سے غبن کرکے پیسہ باہر لے جاتے ہیں۔

China Soldaten in Beijing
تصویر: Getty Images/AFP/N. Asfouri

امریکا میں مقیم چینی باشندوں کو دھمکیاں

لیکن امریکی حکام کے مطابق اس پروگرام کی آڑ میں دراصل بیرون ملک مقیم چینی باشندوں کو دھمکیاں دی جاتی ہیں اور انہیں وطن واپس آنے پر مجبور کیا جاتا ہے۔ بقول ان کے اس کام کے لیے سکیورٹی ادارے ان افراد کے چین میں مقیم رشتے داروں کو ہراساں کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسی بھی مثال سامنے آئی ہے کہ "جب چین میں حکام 'فوکس ہنٹ' پروگرام کے تحت ایک شخص کو نہیں ڈھونڈ پائے تو انہوں نے امریکا میں مقیم اس کی فیملی کو پیغام دلا بھیجا کا اُس سے کہیں کہ اُس کے پاس دو ہی راستے ہیں: فوری طور پر چین واپسی آئے یا پھر خود کشی کر لے۔"

اس موقع پر ایف بی آئی کے ڈائریکٹر نے امریکا میں مقیم چینی باشندوں سے کہا کہ اگر ان پر چین کی طرف سے وطن واپسی کے لیے دباؤ آئے تو وہ مدد کے لیے ایف بی آئی سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

امریکی ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کی طرف سے یہ الزامات ایک ایسے وقت سامنے آئے ہیں جب ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارتی مہم میں چین کے ساتھ کشیدگی ایک بڑا موضوع ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کو چین سے درپیش خطرات کے موضوع پر  آنے والے ہفتوں میں امریکی وزیر قانون اور وزیر خارجہ مزید روشنی ڈالیں گے۔

ش ج، ع ا (روئٹرز، اے ایف پی)