1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چین نے پاکستان کو نصف ملین کورونا ویکسین خوارکیں عطیہ کر دیں

1 فروری 2021

کورونا وائرس کی چینی ویکسین سے لدا ایک فوجی طیارہ آج بروز پیر پاکستان پہنچ گیا۔ اس میں چینی ادویات ساز کمپنی سینو فارم کی تیار کردہ کورونا ویکسین کے نصف ملین ڈوزز موجود ہیں جو چین نے پاکستان کو عطیہ کیے ہیں۔

https://p.dw.com/p/3oezu
Coronavirus Impfstoff Symbolbid
تصویر: picture-alliance/Flashpic

 

 بیجنگ سے اسلام آباد یہ فوجی طیارہ ایک ایسے وقت کورونا ویکسین کی خوراکیں لے کر پہنچا ہے جب پاکستان میں تین ماہ کی بندش کے بعد تعلیمی مراکز کھول دیے گئے ہیں نیزچین کی طرف سے پاکستان کو کورونا ویکیسن کی فراہمی ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پاکستان میں کورونا متاثرین کی تعداد اور اس کے سبب پیدا ہونے والی بیماری کووڈ انیس کی وجہ سے اموات کی شرح میں واضح کمی واقع ہوئی ہے۔

پیر یکم فروری سے ہوم لرننگ کرنے والے لاکھوں بچوں کے لیے اسکول بھی دوبارہ کھول دیے گئے ہیں۔ اسلام آباد میں ہیلتھ کے شعبے کے ایک اعلیٰ عہدیدار فیصل سلطان نے بتایا کہ اسی ہفتے سے پاکستان میں کورونا ویکسینیشن کی قومی مہم کا آغاز ہو جائے گا۔

ویکسین مہم کی منصوبہ بندی

 بہت سے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی ویکسین سب سے پہلے ہیلتھ ورکرز کو لگے گی۔ اطلاعات کے مابق چار لاکھ ہیلتھ ورکرز نے ویکسینیشن کے لیے اپنے ناموں کا اندراج کروا دیا ہے۔

Pakistan Covid-19 | Tests in Islamabad
اسلام آباد میں کووڈ انیس ٹیسٹ کے لیے کوائف جمع کرنے والے ہیلتھ ورکرز۔تصویر: Ahmad Kamal/Xinhua/imago images

پاکستان کے دیرینہ دوست اور اتحادی ملک چین نے اعلان کیا تھا کہ وہ اپنے ہاں تیار ہونے  والی ویکسین کا پہلا 'بیچ‘ پاکستان کو عطیہ کر رہا ہے۔ قبل ازیں پاکستانی حکام نے گزشتہ ہفتے کے دن اعلان کیا تھا کے اُس نے آسٹرا زینیکا نامی کمپنی کی 17 ملین ڈوزز کی ڈیل کو بھی حتمی شکل دے دی ہے۔

پاکستان کے منصوبہ بندی کے وزیر اسد عمر کے بقول ' انٹر نیشنل ویکسین شیئرنگ الائنس‘ کوویکس نے پاکستان کو آسٹرازینیکا ویکسین کی فراہمی کا یقین دلاتے ہوئے کہا ہے کہ فروری میں اس کی ترسیل ہو جائے گی۔ 

پاکستان میں ویکسینیشن مہم کا آغاز ایک ایسے وقت پر ہو رہا ہے، جب کووڈ انیس سے ہونے والی اموات میں ایک مستحکم کمی واقع ہوئی ہے۔ گزشتہ روز یعنی اتوار کو کووڈ سے جُڑی وجوہات کے سبب صرف 24 اموات کی اطلاع ہے جب کے اس سے ایک روز قبل یعنی ہفتے کے روز قریب تین درجن افراد کووڈ انیس کے سبب لقمہ اجل بنے تھے۔ یہ گزشتہ ہفتے کی کم ترین تعداد تھی۔

Pakistan Covid-19 | Freiwillige für chinesichen Impfstoff
چینی ادویات ساز کمپنی کی تیار کردہ اس ویکسین کا تیسرا دور گزشتہ برس نومبر میں ہی عمل میں آیا تھا۔تصویر: Aamir Qureshi/AFP/Getty Images

اسکول کھول دیے گئے

پاکستان کا شمار کورونا وائرس سے دنیا کے 15 سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں ہوتا ہے۔ پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد نصف ملین سے زیادہ ہو چکی ہے جبکہ اس کے سبب  گیارہ ہزار اموات ہوئی ہیں۔

پیر یکم فروری سے پاکستان کے تعلیمی ادارے یعنی اسکول، کالج اور یونیورسٹیاں دوبارہ کھول دیے گئے ہیں اور تین ماہ کی بندش کے بعد لاکھوں طالب علم دوبارہ اپنے اپنے تعلیمی مراکز کی طرف لوٹ رہے ہیں۔

ک م/ ع ب/ ڈی پی اے

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں