1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چین یورپی یونین کا امریکا سے بڑا تجارتی پارٹنر بن گیا

16 فروری 2021

یورپی یونین کے اعداد و شمار کی ایجنسی یورو اسٹیٹ کے مطابق چین نے گزشتہ برس یورپی یونین کے ساتھ تجارتی شراکت داری میں امریکا کو پیچھے چھوڑ دیا۔ چین اور ای یو بلاک کے درمیان درآمدات و برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

https://p.dw.com/p/3pQ6A
Mögliche Handelsbeschränkungen der EU für Importe aus China
تصویر: picture-alliance / dpa

یورپی اعداد و شمار کی ایجنسی یورو اسٹیٹ کے مطابق سن 2020 کے دوران چین کی جانب سے یورپی بلاک کے ساتھ امریکا کے مقابلے میں زیادہ تجارت کی گئی۔ دریں اثناء برطانیہ ای یو سے علیحدگی کے بعد یورپی یونین کا تیسرا بڑا تجارتی پارٹنر ملک رہا۔ یورو اسٹیٹ نے یہ تازہ اعداد و شمار پیر پندرہ فروری کو جاری کیے۔

چین کو امریکا سے تجارت میں سبقت گزشتہ برس کی پہلی سہ ماہی کے دوران کورونا وائرس کی وبا سے متاثر ہونے بعد حاصل ہوئی تاہم اسی سال کے آخر میں چینی معیشت سنبھلنے کے باعث ملکی کھپت میں ماضی کے مقابلے میں اضافہ دیکھا گیا۔ اس سے یورپی مصنوعات کے فروخت میں مدد ملی، خاص طور پر آٹوموبائل اور لگثری مصنوعات کے شعبوں میں اضافہ دیکھا گیا۔ ادھر یورپ میں طبی سازوسامان اور الیکٹرانکس کی مانگ میں زبردست اضافے کے نتیجے میں چین کو فائدہ حاصل ہوا۔

یورپی یونین اور چین کے تجارتی تعلقات
یورپی یونین کا چین کے ساتھ تجارتی حجم 2020ء کے دوران 586 ارب یورو تک پہنچ گیاتصویر: Imago/C. Ohde

علاوہ ازیں یورپی بلاک اور چین کے مابین طویل مذاکرات کے ساتھ سرمایہ کاری کے معاہدے طے کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، تاکہ یورپی کمپنیوں کو چینی منڈیوں تک بہتر رسائی حاصل ہو سکے۔

اربوں یورو سے زائد کی تجارت

یورو اسٹیٹ کے اعداد و شمار کے مطابق 2020ء کے دوران ای یو کا چین کے ساتھ تجارتی حجم 586 ارب یورو (711 ارب امریکی ڈالر) تک پہنچ گیا جبکہ امریکا کے ساتھ 555 ارب یورو (673 ارب امریکی ڈالر) کی تجارت کی گئی۔

یہ بھی پڑھیے: چین، انسانی حقوق کا احترام کرے اور اپنے مارکیٹ کھولے: یورپی یونین

اعداد و شمار کی یورپی ایجنسی نے بتایا کہ یورپی یونین کی برآمدات 2.2 فیصد اضافے کے ساتھ 202.5 ارب یورو تک پہنچ گئیں جبکہ اسی دوران چین سے درآمدات 5.6 فیصد اضافے کے ساتھ 383.5 ارب یورو رہی۔

اسی سال کے دوران امریکا کے ساتھ یورپی یونین کی برآمدات میں 13.2 فیصد اور درآمدات میں 8.2 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔ ماضی میں یورپی یونین اور امریکا ایک دوسرے کی سب سے بڑی برآمدی و درآمدی مارکیٹیں رہی ہیں۔ تاہم ماضی قریب میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے یورپ کے لیے اسٹیل اور المونیم جیسی مصنوعات پر اضافی محصولات عائد کر دی تھیں، جس کے بعد یورپ کی جانب سے بھی چند امریکی مصنوعات پر جوابی محصولات عائد کیے گیے۔

برطانیہ کے ساتھ تجارت میں کمی

یوروسٹیٹ کے مطابق سن 2020 میں برطانیہ کے ساتھ تجارت میں بھی واضح کمی ہوئی، کیونکہ گزشتہ سال برطانیہ نے باضابطہ طور پر یورپی بلاک چھوڑ دیا۔ واضح رہے 31 دسمبر تک برطانیہ کی ای یو بلاک سے علیحدگی کی مدت ختم نہیں ہوئی تھی۔ یورپی ایجنسی کے اعداد و شمار کے مطابق یورپی یونین کی برطانیہ کے ساتھ برآمدات میں 13.2 فیصد جبکہ درآمدات میں 13.9 فیصد کمی ہوئی۔

ع آ / ا ا (اے ایف پی)

چینی سلک روڈ کے نئے منصوبے پر یورپ میں تقسیم

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں