1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چین: پاکستانیوں کی لاپتہ ایغور بیویاں رہا مگر کن شرائط پر؟

30 اپریل 2019

پاکستانی شوہروں کی وہ ایغور بیویاں جو 2017ء میں لاپتہ ہو گئی تھیں، انہیں اب رہا کر دیا گیا ہے۔ تاہم ان کے شوہروں کا کہنا ہے کہ ان کی یہ رہائی اس قیمت پر ہوئی ہے کہ انہیں چینی معاشرے میں انضمام کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔

https://p.dw.com/p/3Hi8g
China Uiguren
تصویر: P. Parks/AFP/Getty Images

چین کے مغربی صوبہ سنکیانگ سے تعلق رکھنے والی 40 کے قریب ایسی خواتین، جن کی شادی ہمسایہ ملک پاکستان سے تعلق رکھنے والے تاجروں سے ہوئی تھی، 2017ء کے دوران چینی حکومت کی طرف سے شدت پسندی کے خلاف آپریشن کے دوران سے لاپتہ تھیں۔ یہ اُن قریب ایک ملین افراد میں شامل تھیں، جنہیں چینی حکومت کی طرف سے قائم کردہ حراستی مراکز میں رکھا گیا ہے۔ ان مراکز پر عالمی سطح پر تنقید کا سلسلہ جاری ہے تاہم چین کا موقف ہے کہ یہ حراستی مراکز نہیں بلکہ پیشہ ورانہ تربیت کے مراکز ہیں۔

China Uiguren
زیر حراست رہنے والے بعض افراد پہلے ہی بتا چکے ہیں کہ انہیں محض اس وجہ سے ان کیمپوں میں رکھا گیا کیونکہ وہ اسلامی شعار پر عمل کرتے تھے جن میں داڑھی رکھنا یا نقاب کرنا وغیرہ شامل ہیں۔تصویر: picture-alliance/dpa/H. W. Young

رہا ہونے والی ان خواتین کے شوہروں کا کہنا ہے کہ انہیں حراست کے دوران اور رہائی کے بعد بھی اس بات پر مجبور کیا گیا کہ وہ ایسے کام کریں جو اسلام میں حرام ہیں۔

سنکیانگ میں اپنے سسرال کے گھر حال ہی میں جانے والے ایسے ہی ایک تاجر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا، ’’اس نے (میری بیوی) نے بتایا کہ انہیں سور کا گوشت کھانا پڑتا تھا اور شراب پینی پڑتی تھیں۔ اور یہ سب اُسے اب بھی کرنا پڑتا ہے۔‘‘ 

اس تاجر کے مطابق اس کی بیوی کو دھمکی دی گئی ہے کہ اگر وہ واپس نہیں جانا چاہتی تو اسے حکام کی تسلی کے لیے یہ سب کام ابھی بھی جاری رکھنا ہوں گے اور اسے مذہبی خیالات ترک کرنا ہوں گے۔ صرف یہی نہیں بلکہ اس کے سسرال میں موجود قرآن کی جگہ اب چین سے متعلق کُتب فراہم کی گئی ہیں۔

پاکستان سے تعلق رکھنے والے بعض تاجروں کا خیال ہے کہ ان کی بیویوں کو پاکستان سے تعلق کی بناء پر ہی حراست میں رکھا گیا۔ زیر حراست رہنے والے بعض افراد پہلے ہی بتا چکے ہیں کہ انہیں محض اس وجہ سے ان کیمپوں میں رکھا گیا کیونکہ وہ اسلامی شعار پر عمل کرتے تھے جن میں داڑھی رکھنا یا نقاب کرنا وغیرہ شامل ہیں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سنکیانگ میں بنائے گئے حراستی مراکز کے خلاف بین الاقوامی برادری کے بڑھتی ہوئی تنقید اور چین کے پاکستان کے ساتھ معاشی تعلقات بڑھنے کے بعد چینی حکام نے دو ماہ قبل ایسی خواتین کو رہا کرنے کا سلسلہ شروع کیا تھا۔

پاکستانی علاقے گلگت بلتستان کی حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراق نے تصدیق کی ہے کہ پاکستانی تاجروں کی ایغور مسلمان بیویوں کی اکثریت کو رہا کیا جا چکا ہے۔ گلگت بلتستان کا علاقہ چین کی سرحد کے ساتھ واقع ہے۔

پاکستانی شوہروں کی ’مقید‘ چینی بیویاں

اے ایف پی نے ایسے نو شوہروں کا انٹرویو کیا جنہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ ان کی بیویوں کو آئندہ تین ماہ تک سنکیانگ چھوڑنے کی اجازت نہیں، جس دوران ان پر گہری نگاہ رکھی جائے گی۔ قیمتی پتھروں کا کاروبار کرنے والے ایک تاجر کے مطابق اس کی بیوی کی رہائی کی شرط یہ کہ ’’وہ چینی طرز معاشرت اختیار کرنے کے حوالے سے اس کے رویے پر نظر رکھیں گے اور اگر انہیں لگا کہ وہ ان کے معیار پر پورا نہیں اتر رہی تو پھر اسے دوبارہ واپس بھیجا جا سکتا ہے۔‘‘

ایسے خاندانوں کے مطابق انہیں اپنی بیویوں اور ماؤں کی واپسی کی خوشی تو بہت ہوئی لیکن یہ خواتین اب ایک طرح سے ان کے لیے اجنبی بن کر رہ گئی ہیں۔ پتھروں کا کاروبار کرنے والے اس تاجر کے مطابق، ’’میری بیوی نے بتایا کہ اسے رقص پر مجبور کیا جاتا تھا اور اسے جسم کو آشکار کرنے والے کپڑے پہنے اور کیمپ میں شراب پینے پر مجبور کیا جاتا تھا۔‘‘ اس تاجر کے مطابق اس کی بیوی کے پاس رہنمائی کی ایک کتاب ہے جس میں مختلف چی‍زوں کو سبز اور سرخ رنگ سے واضح کیا گیا ہے، مثال کے طور پر مسجد پر سرخ نشان لگایا گیا ہے جبکہ چینی پرچم کو سبز نشان سے واضح کیا گیا ہے۔

اس تاجر کے مطابق، ’’پہلے وہ باقاعدگی سے نماز پڑھتی تھی مگر اب ایسا نہیں ہے جبکہ وہ اب کبھی کبھی ریستوران میں جا کر شراب بھی پیتی ہے۔‘‘

چین میں جبری گمشدگیاں

ا ب ا / ا ا (اے ایف پی)