1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستتائیوان

چینی فوجی مشقیں ’حملے کی تیاری‘ ہیں، تائیوان

6 اگست 2022

تائیوان نے چینی فضائی اور بحری حدود میں داخلے کو ’ممکنہ حملے کی تیاری‘ قرار دیا ہے۔ نینسی پیلوسی کے دورے کے بعد چین نے اپنی فوجی مشقوں میں تیزی لائی ہے۔

https://p.dw.com/p/4FDJq
China | Taiwan | Chinas militarische Übungen in der Formosastraße nah Pingtan
تصویر: HECTOR RETAMAL/AFP/Getty Images

تائی پے نے ہفتے کے روز جزیرے کے قریب چینی فوجی 'کرافٹ‘ کی موجودگی کے جواب میں اپنے جنگی طیاروں کی پرواز اور بحری گشت میں اضافہ کر دیا۔

یہ پیش رفت ایسے موقعے پر سامنے آئی ہے جب چین آبنائے تائیوان میں اب تک سب سے بڑی فوجی مشقیں کر رہا ہے۔ چین نے یہ مشقیں نینسی پیلوسی کے دورہ تائیوان کے ردِعمل میں شروع کی ہیں۔

تائیوان کی فوج نے ہفتے کے روز چینی عسکری مشقوں کو ممکنہ حملے کی 'سیمولیشن‘ یعنی حملے کی تیاری قرار دیا ہے۔

تائیوان کی وزارت دفاع نے ہفتے کے روز ایک بیان میں کہا، ''کمیونسٹ طیاروں اور بحری جہازوں کے متعدد بیڑے آبنائے تائیوان کے ارد گرد اپنی سرگرمیاں کر رہے ہیں اور ان میں سے کچھ نے حد بندی لائن کو بھی عبور کیا۔‘‘

تائیوان کے فوج نے بتایا کہ اس نے انتباہی بیانات نشر کیا اور اپنی فضائی اور بحری نگرانی بھی بڑھا دی ہے۔ علاوہ ازیں ساحل پر نصب کیے جانے والے میزائل بھی 'اسٹینڈ بائی‘ پر رکھ دیے گئے ہیں۔

China | Taiwan | Chinas Sender CCTV berichtet über militarische Übungen
تصویر: CCTV/AFP

سن 2020 کے بعد چین کی جانب سے آبنائے تائیوان میں حد بندی لائن عبور کیے جانے کے واقعات میں بھی اضافہ ہو چکا ہے۔ اس برس چین نے اعلان کیا تھا کہ وہ حدبندی کی لائن تسلیم نہیں کرتا۔

’غیر متناسب ردِعمل‘ پر امریکی تنقید

فلپائن کے دورے کے دوران امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے نینسی پیلوسی کے دورہ تائیوان کو 'پرامن‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے بعد چین کی فوجی مشقیں 'مکمل طور پر ایک غیر متناسب‘ ردعمل ہیں۔

بلنکن کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے کمبوڈیا میں آسیان سربراہی اجلاس کے دوران اپنے چینی ہم منصب کے ساتھ رابطے برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا، ''مجھے واضح کرنے دیں، امریکہ اس بات پر یقین نہیں رکھتا کہ یہ تائیوان، خطے یا ہماری اپنی قومی سلامتی کے مفاد میں ہے۔ ہم غلط فہمی کی وجہ سے پیدا ہونے والی کسی کشیدگی کے تدارک کے لیے چین کے ساتھ اپنے رابطوں کے ذرائع کھلے رکھنا چاہتے ہیں۔‘‘

تائیوان کے اہم دفاعی اہلکار مردہ پائے گئے

ہفتے کے روز تائیوان کے سرکاری میڈیا نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ملکی میزائل بنانے کے سربراہ ہوٹل کے ایک کمرے میں مردہ حالت میں پائے گئے ہیں۔

او یانگ لی شنگ فوج کے ایک ادارے سے وابستہ تھے اور کام کے لیے ملک کے جنوبی شہر پنگ ٹنگ کے دورے پر تھے۔

ادارے نے تاہم بتایا ہے کہ ان کی موت دل کے دورے کے باعث واقع ہوئی ہے۔

ش ح/ک م (اے ایف پی، روئٹرز)

چین کی تائیوان کے قریب فوجی مشقیں، تائیوانی ماہی گیر خوفزدہ