چینی وزیر اعظم کئی ملکی دورہء یورپ پر، پہلی منزل یونان
2 اکتوبر 2010چینی سربراہ حکومت کے ایتھنز پہنچنے پر یونانی حکومت کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے کہا کہ بیجنگ کی کوشش ہو گی کہ ایتھنز کو معاشی کساد بازاری سے نکلنے کے عمل میں چین کی طرف سے مختلف شعبوں میں تعاون اور سرمایہ کاری کی یقین دہانیاں کرائی جائیں۔
یونانی وزیر سرمایہ کاری ہیرس پامبُوکِس کے ایک مشیر کے بقول وین جیاباؤ کے اس دورے کے دوران چین اور یونان باہمی مفاہمت کی کئی دستاویزات پر دستخط کریں گے۔ ساتھ ہی نجی کمپنیوں کی سطح پر قریب ایک درجن معاہدے بھی طے پا جائیں گے، جن کے تحت عوامی جمہوریہ چین اس یورپی ملک میں جہاز رانی، تعمیرات اور سیاحت جیسے شعبوں میں وسیع تر سرمایہ کاری کرے گا۔
یونان کو اس وقت غیر ملکی سرمایہ کاری کی ضرورت اس لئے بھی بہت زیادہ ہے کہ اسے اپنے ذمہ واجب الادا ان بیرونی قرضوں کی واپسی سے قبل، پہلے سے طے کردہ بہت سے شرائط بھی پوری کرنا ہیں، جن کی مالیت 110 بلین یورو یا قریب 150 بلین امریکی ڈالر بنتی ہے، اور جن کی وجہ سے یہ ملک اس سال مئی میں بڑی مشکل سے دیوالیہ ہو جانے سے بچا تھا۔
چینی حکومتی ذرائع کے مطابق وزیر اعظم وین جیاباؤ یونان میں اپنے قیام کے دوران وہاں کی ملکی قیادت سے اپنی ملاقاتوں میں یونانی معیشت کی دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے کی صلاحیت پر اعتماد کا اظہار کریں گے۔
چینی حکام یہ اعلان کر چکے ہیں کہ وین جیاباؤ کے اس دورے کے دوران خاص طور پر یونانی معیشت میں بہت اہم کردار ادا کرنے والے تجارتی جہاز رانی کے شعبے میں کئی سرمایہ کاری سمجھوتوں پر دستخط کئے جائیں گے۔ یونانی ذرائع ابلاغ میں آج شائع ہونے والی رپورٹوں کے مطابق اس سرمایہ کاری کی مالیت کم ازکم بھی 300 ملین امریکی ڈالر تک ہو سکتی ہے۔
یونان میں سرمایہ کاری سے متعلق ملکی وزارت کے اعداد و شمار کے مطابق یورپی یونین کے رکن اس ملک میں 2006 میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت 6.9 بلین یورو رہی تھی، جو عالمی اقتصادی بحران کے نتیجے میں 2009 میں بہت کم ہو کر صرف 4.5 بلین یورو رہ گئی تھی۔
چینی وزیر اعظم کل اتوار کے روز ایتھنز میں ملکی پارلیمان سے خطاب کریں گے۔ پیر کو وہ برسلز روانہ ہو جائیں گے، جہاں وہ یورپی یونین اور چین کی سربراہی کانفرنس میں حصہ لیں گے۔ اس کے بعد وین جیاباؤ اپنے اس یورپی دورے کے دوران جرمنی، اٹلی اور ترکی بھی جائیں گے۔
رپورٹ: مقبول ملک
ادارت: عصمت جبیں