1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’ڈان‘ بونے سیارچے تک پہنچ ہی گیا

Cornelia Borrmann / امجد علی26 فروری 2015

امریکی خلائی جہاز ’ڈان‘ سے ملنے والی تصاویر میں ’سیریس‘ نامی بونے سیارچے کی بالائی سطح دکھائی گئی ہے۔ اس سیارچے کی سطح کی ساخت کو دیکھتے ہوئے محققین ہمارے نظامِ شمسی کی ابتدائی تاریخ کے بارے میں حقائق جان سکیں گے۔

https://p.dw.com/p/1EiB0
’ڈان‘ نے زمین سے ’سیریس‘ کی جانب اپنے سفر کا آغاز 2007ء میں کیا تھا
’ڈان‘ نے زمین سے ’سیریس‘ کی جانب اپنے سفر کا آغاز 2007ء میں کیا تھاتصویر: NASA/JPL

’سیریس‘ نامی یہ بونا سیارچہ مریخ اور مشتری کے درمیان سورج سے 413 ملین کلومیٹر سے زیادہ کے فاصلے پر رہتے ہوئے گردش کر رہا ہے۔ وہاں تک پہنچتے پہنچتے سورج کی شعاعیں اتنی کمزور ہو جاتی ہیں کہ پانی برف بن جاتا ہے۔ ’سیریس‘ ہمارے نظامِ شمسی کا سب سے بڑا شہابیہ ہے، ایک ایسا سیارچہ، جس کے بارے میں محققین بہت ہی کم جانتے ہیں۔ اس کا قطر 950 کلومیٹر ہے اور اپنی گول شکل و صورت کے ساتھ یہ سورج کے گرد گردش کرنے والے دیگر بہت سے چھوٹے بے ڈھب سیارچوں اور شہابیوں کے مقابلے میں ہماری زمین سے کہیں زیادہ ملتا جلتا ہے۔

’سیریس‘ کا قطر 950 کلومیٹر ہے
’سیریس‘ کا قطر 950 کلومیٹر ہےتصویر: DLR

سائنسدانوں کا اندازہ ہے کہ تقریباً 4.5 ارب سال پہلے ’سیریس‘ ایک باقاعدہ سیارہ بننے کے عمل میں تھا لیکن پھر اُس کی افزائش رُک گئی۔ اس طرح اس سیارچے میں ہمارے نظامِ شمسی کی ابتدائی شکل محفوظ ہے۔

اپنی تقریباً دو گرام فی کیوبک سینٹی میٹر کمیت کے ساتھ اس سیارچے کی کثافت اتنی کم ہے کہ یہ ساخت کے اعتبار سے مکمل طور پر چٹانی پتھر سے بنا ہوا نہیں ہو سکتا۔ ایسے میں محققین کا خیال یہ ہے کہ ’سیریس‘ کی سخت سطح کے نیچے جمے ہوئے یا مائع پانی کی ایک سو میٹر تک موٹی ایک تہہ موجود ہو سکتی ہے۔ گویا وہاں سادہ زندگی کے آثار بھی ہو سکتے ہیں۔ وہاں ممکنہ طور پر زیرِ زمین ذخائر میں موجود پانی کی بھاپ سے وجود میں آنے والی فضا بھی موجود ہو سکتی ہے۔

یورپی خلائی دوربین ’ہیرشل‘ نے تین مرتبہ ’سیریس‘ کے بالکل قریب بھاپ کی نشاندہی کی ہے۔ اندازہ لگایا گیا ہے کہ ’سیریس‘ ہر سیکنڈ میں چھ کلوگرام پانی کو بھاپ کی صورت میں خلا میں پھینک دیتا ہے۔

’ڈان‘ پر دو کیمرے نصب ہیں، جن کی نگرانی جرمن شہر گوئٹنگن کے ماکس پلانک انسٹیٹیوٹ میں بیٹھے سائنسدان کر رہے ہیں
’ڈان‘ پر دو کیمرے نصب ہیں، جن کی نگرانی جرمن شہر گوئٹنگن کے ماکس پلانک انسٹیٹیوٹ میں بیٹھے سائنسدان کر رہے ہیںتصویر: picture-alliance/dpa

جرمن شہر گوئٹنگن میں ماکس پلانک انسٹیٹیوٹ برائے نظامِ شمسی میں سیاروں پر تحقیق کے ماہر اور کیمرہ نظام کے انچارج آندریاز ناتھیوز نے توقع ظاہر کی ہے کہ اس بھاپ کے بارے میں زیادہ معلومات آئندہ ہفتوں میں سامنے آنے والی تصاویر سے حاصل ہو سکیں گی۔ پھر برلن میں سیاروں پر تحقیق کے ادارے DLR کے سائنسدان ان تصاویر کی مدد سے سہ جہتی ماڈل تیار کریں گے اور یہ پتہ چلانے کی کوشش کریں گے کہ یہ سیارچہ وجود میں کیسے آیا۔

2007ء میں زمین سے اپنا سفر شروع کرنے والے امریکی خلائی جہاز ’ڈان‘ سے تازہ ترین تصاویر چھبیس جنوری کو زمین پر پہنچی تھیں۔ اس کا کیمرہ اب تک ’سیریس‘ کی تقریباً نصف سطح کی تصاویر اتار چکا ہے تاہم یہ تصاویر ابھی زیادہ واضح نہیں ہیں۔ توقع کی جا رہی ہے کہ محض زیادہ واضح تصاویر ملنے کے بعد ہی اس سیارچے کے حوالے سے پائے جانے والے گوناگوں سوالوں کے جوابات مل سکیں گے۔

چھ مارچ کو ’ڈان‘، جس پر تحقیق کے لیے تین آلات بھی نصب ہیں، ’سیریس‘ کے مدار میں داخل ہو جائے گا اور 2016ء تک اس پُر اَسرار سیارچے کے گرد چکر لگائے گا۔ رفتہ رفتہ ’ڈان‘ اس سیارچے سے اپنا فاصلہ کم کرتا چلا جائے گا، یہاں تک کہ اپنے مشن کے آخر میں یہ اس سیارچے کی سطح سے محض 375 کلومیٹر کے فاصلے پر ہو گا اور زیادہ سے زیادہ واضح تصاویر روانہ کر سکے گا۔