1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ڈرائيو تھرُو فاسٹ فوڈ کے بعد اب ’ڈرائيو تھرُو شادی‘ بھی

29 مئی 2020

دولہا دلہن ايک گاڑی ميں سوار، ساتھ رہنے کی قسم، انگوٹھيوں کا تبادلہ اور بس ہو گئی شادی۔ برازيل کے ايک شہر ميں کورونا وائرس کی وبا کے باعث ان دنوں ’ڈرائيو تھرُو شادی‘ کا رجحان تيزی سے زور پکڑ رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/3cxGM
Brasilien Rio de Janeiro | Coronavirus | Drive-Thru-Hochzeit
تصویر: picture-alliance/AP Photo/S. Izquierdo

اپنی شادی کے موقع پر جاؤ بلينک اور ايريکا بلينک ايک دوسرے کے ہونٹوں کو چوم بھی نہ پائے۔ 'ہاں‘ کہنے کے بعد برس ہا برس سے چلی آ رہی اس روايت پر عمل سے محروم رہ جانے والے اس جوڑے نے چہروں پر حفاظتی ماسکس کے ساتھ قريب آ کر قربت اور ايک شادی شدہ جوڑے کے طور پر پہلے بوسے کا احساس حاصل کيا۔ ليکن حيران کن بات يہ ہے کہ يہ سب کچھ ايک گاڑی ميں ہوا۔ برازيل ميں نوٹری پبلک کے حکام سڑک پر کھڑے کھڑے ہی رسم پوری کر ديتے ہيں۔ بس لڑکا، لڑکی گاڑی سے ہی 'ہاں ميں راضی ہوں‘ کہہ ديں۔

گو کہ جاؤ اور ايريکا بلينک کے ليے زندگی کے اس يادگار دن کے ليے يہ طرز تقریب شايد زيادہ رومانوی نہیں تھا مگر کورونا وائرس کی وبا کے دور ميں اس کے علاوہ اور کچھ ممکن بھی نہيں ہے۔ جنوبی امريکی ملک برازيل ميں 'ڈرائيو تھرُو شادی‘ کا رواج زور پکڑتا جا رہا ہے۔ ريو ڈی جنيرو کے مغربیمضافات ميں سانتا کروز نامی علاقے کے نوٹری پبلک کے دفتر کے باہر آج کل اسی طرز سے شادی کی رسميں انجام پا رہی ہيں۔ جمعرات اٹھائيس مئی کو پندرہ جوڑے رشتہ ازدواج ميں بندھ گئے۔

چوبيس سالہ ايريکا بلينک کہتی ہيں، ''ہم اس ليے خوش ہيں کيونکہ موجودہ دور ميں ہميں يہ توقع نہيں تھی کہ شادی کی تاريخ اتنی جلد مل جائے گی۔‘‘ ان کے بقول قريب ايک ہفتہ قبل ہی انہيں پتا چلا کہ ان کی شادی  نوٹری پبلک کے دفتر کے باہر اس طرح بھی ہو سکتی ہے۔

اس وقت برازيل نئے کورونا وائرس کی وبا سے متاثرہ ملکوں کی فہرست ميں دوسرے نمبر پر ہے۔ ملکی سطح پر متاثرين کی تعداد اٹھائیس مئی تک چار لاکھ اڑتیس ہزار سے زائد ہو چکی تھی۔ ریاست ريو ڈی جنيرو سب سے زيادہ متاثرہ رياستوں ميں دوسرے نمبر پر ہے اور اس صوبے میں متاثرين کی تعداد پينتاليس ہزار سے زیادہ ہے۔ حکام يہ بھی کہہ رہے ہيں کہ ٹيسٹنگ کی محدود سہوليات کے تناظر ميں مریضوں کی اصل تعداد اس سے کہيں زيادہ ہو سکتی ہے۔ اس رياست ميں کووڈ انيس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد بھی پانچ ہزار کے قريب بنتی ہے۔

اس صورت حال کے باعث بيشتر برازيلين صوبوں اور شہروں ميں بڑے اجتماعات پر پابندی عائد ہے۔ نتيجتاً ان گنت خاندانوں کو شادی کی تقريبات منسوخ بھی کرنا پڑ گئيں۔ ايسے ميں ريو ڈی جنيرو اور چھ ديگر رياستوں نے ويڈيو کانفرنسوں کے ذريعے شادیوں کی اجازت دے رکھی ہے۔ ساؤ پاؤلو ميں نوٹری دستاويزات پر دستخطوں کے ليے حکام خود شہریوں کے گھر چلے جاتے ہيں۔ سانتا کروز ميں ہی وہ واحد نوٹری پبلک آفس ہے، جو 'ڈرائيو تھرُو شادی‘ کی سہولت فراہم کرتا ہے۔

شادی کی ایسی کسی تقريب کا دورانيہ تقريباﹰ پانچ منٹ ہوتا ہے۔ دولہا دلہن ساتھ رہنے کی قسم کھاتے ہيں اور رضامندی ظاہر کرتے ہيں، ايک دوسرے کو انگوٹھی پہناتے ہيں اور ماسک پہنے ہوئے ہی ايک دوسرے کا بوسہ لے کر رشتہ ازدواج ميں بندھ جاتے ہيں۔

بس يہی کچھ جاؤ بلينک اور ايريکا بلينک کے ساتھ بھی ہوا۔ انہوں نے سرکاری رسم پوری کی اور اسی گاڑی میں جس میں وہ سوار تھے، اپنا آگے کا سفر شروع کر دیا۔

ع س / م م (اے پی)