1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ڈوئچے ویلے اردو سروس: ثقافتوں کے مابین دوستی اور مفاہمت کے نئے پل تعمیر کرتے ہوئے

20 مئی 2013

ہم اپنے پروگراموں میں شامل رپورٹوں، تبصروں اور جائزوں کے موضوعات کا انتخاب کرتے ہوئے اپنی ریڈیو نشریات اور انٹرنیٹ ویب سائٹ کے صارفین کی دلچسپی کا خاص خیال رکھتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/RCDS
تصویر: DW/P. Henriksen

ہماری نشریات میں عالمی نوعیت کے اہم واقعات، جرمنی اور یورپ سے خبروں اور پاکستان سمیت پورے جنوبی ایشیا سے تازہ ترین حالات وواقعات کو جگہ دی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ اردو سروس کے تمام ہفتہ وار فیچرز میں مختلف شعبوں میں علاقائی اور بین الاقوامی نوعیت کے واقعات اور ان کے پس منظر پر غیر جانبدارانہ رپورٹیں شامل کی جاتی ہیں۔ یہ ہفتہ وار فیچرکھیل، ادب و ثقافت، نوجوان نسل، صحت، ماحول اور سائنس اور ٹیکنالوجی جیسے اہم شعبہ ہائے زندگی کا احاطہ کرتے ہیں۔
کھیل کے میدان اور کھلاڑیوں کے بارے میں تازہ ترین جائزوں، رپورٹوں اور خبروں پر مبنی ہفتہ وار فیچر ’کھیل اور کھلاڑی‘ ہر پیر کی شام نشر ہوتا ہے۔
طبّ و صحت کے شعبوں میں ہونے والی نت نئی تحقیق اور علاج کے نت نئے امکانات سے متعلق موضوعات ہر منگل کو نشر ہونے والے فیچر ’تندرست رہیے‘ میں جگہ پاتے ہیں۔
جرمنی اور یورپ کے اہم حالات و واقعات اور ان کے پس منظر کا احاطہ ہمارے ہفتہ وار فیچر ’جہان مغرب‘ میں کیا جاتا ہے، جو ہر بدھ کو نشر ہوتا ہے۔
سائنس اور ٹیکنالوجی اورکمپیوٹر کی دنیا میں ہونے والی نت نئی اختراعات کے علاوہ ماحولیات کو ہر جمعرات کو ہمارے فیچر ’ستاروں سے آگے‘ میں موضوع بنایا جاتا ہے۔
جنوبی ایشیا کے نوجوانوں کے لیے یورپ میں تعلیم کے مواقع اور طلبا کے ساتھ انٹرویوز پر مبنی پروگرام ’امنگ‘ ہر جمعے کے روز نشریات کا حصہ بنتا ہے۔


سامعین کے خطوط، ای میلز، ایس ایم ایس پیغامات اور فیس بُک پر اُن کی تحریروں کے جوابات ہر ہفتے کو پروگرام ’آپ کی بات، آپ کے ساتھ‘ میں دیے جاتے ہیں۔ اتوار اور پیر کو ’آپ کی بات، آپ کے ساتھ‘ صرف ہماری صبح کی مجلس کا حصہ بنتا ہے، جسے ہماری ویب سائٹ پر ہی سنا جا سکتا ہے۔
ادب و ثقافت اور فنون لطیفہ سے متعلق موضوعات اور فنکاروں کے خصوصی انٹرویوز پر مشتمل پروگرام ’کہکشاں‘ ہر ہفتے کی شام کو سنا جا سکتا ہے۔
جرمن زبان سیکھنے کے شوقین سامعین ہر اتوار کو نشر ہونے والا جرمن ریڈیو کورس ’راڈیو ڈے‘ سنتے ہوئے جرمن زبان کی استعداد کو بہتر بنا سکتے ہیں۔

Infografik Urdu Radioprogramm

ڈوئچے ویلے ریڈیو کی روزانہ اردو نشریات کی دونوں مجالس اپنے مقررہ اوقات پر ہماری ویب سائٹ www.dw.de/urdu پر کسی بھی وقت لائیواسٹریم یا ڈاؤن اسٹریم کے ذریعے سنی جا سکتی ہیں۔ ہماری صبح کی مجلس صرف ویب سائٹ پر دستیاب ہوتی ہے جبکہ شام کی مجلس کے پروگرام بدستور شارٹ ویو پر نشر ہوتے ہیں۔ ہماری ویب سائٹ پر آپ مندرجہ ذیل سہولیات سے بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں :
شعبہ اردو کی شارٹ ویونشریات سننے کے لئے تازہ ترین فریکوئنسی چارٹ
ریڈیو نشریات لائیو اسٹریم کے ذریعے سننے کی سہولت
دونوں مجالس کی نشریات آڈیو آن ڈیمانڈ کے ذریعے بھی
تمام ہفتہ وار فیچر پوڈ کاسٹ کی صورت میں
ڈوئچے ویلے ٹیلی وژن کی لائیونشریات
بہت سے قیمتی انعامات والے ہمارے متعدد ریڈیو اور انٹرنیٹ انعامی مقابلے

ہماری ویب سائٹ سے آپ سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس ’فیس بک‘ اور ’ٹویٹر‘ پر بھی براہ راست جا سکتے ہیں، جہاں ڈوئچے ویلے اردو کے اپنے پیجز ہیں۔ ان پیجز کے ذریعے آپ ان ویب سائٹس پر ڈوئچے ویلے اردوگروپس کے رکن بھی بن سکتے ہیں۔ آپ کی رائے ہمارے لیے بہت اہم ہے اور ہم اپنے سامعین کی طرف سے تعمیری تنقید اور تجاویزکے ہمیشہ منتظر رہتے ہیں۔