1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ڈيانا کی ہلاکت سے جڑی نئی معلومات

عاصم سليم18 اگست 2013

برطانوی پوليس کے مطابق شہزادی ڈيانا کی 1997ء ميں ہلاکت سے متعلق کچھ نئی معلومات کا جائزہ ليا جا رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/19Rdo
تصویر: picture-alliance/dpa

برطانوی دارالحکومت لندن ميں اسکاٹ لينڈ يارڈ پوليس ہيڈ کوارٹر کے مطابق شہزادی ڈیانا اور ان کے ساتھی ڈوڈی الفائد کی ہلاکت سے متعلق حال ہی ميں ملنے والی معلومات کا جائزہ ليا جا رہا ہے۔ اسکاٹ لينڈ يارڈ کے بيان ميں مزيد بتايا گيا کہ معلومات کی جانچ پڑتال کا کام ’اسپيشلسٹس کرائم اينڈ آپريشنز کمانڈ‘ کے افسراں سرانجام ديں گے۔ اس موقع پر اسکاٹ لينڈ يارڈ نے يہ بھی واضح کيا کہ نئی معلومات کا جائزہ ليا جانا دوبارہ تحقيقاتی عمل شروع کرنے کے مساوی نہيں اور نہ ہی يہ ’آپريشن پيگٹ‘ کے زمرے ميں آتا ہے۔ ’آپريشن پيگٹ‘ اس دو سالہ پوليس انکوائری کے عمل پر مشتمل ہے، جس ميں ڈيانا کی ہلاکت سے متعلق سامنے آنے والی متعدد متضاد خبروں اور مختلف موقف کا جائزہ ليا گيا تھا۔

شہزادی ڈیانا اور شہزادہ چارلز کی طلاق 1996ء ميں ہوئی
شہزادی ڈیانا اور شہزادہ چارلز کی طلاق 1996ء ميں ہوئیتصویر: AP

دريں اثناء برطانيہ کی داخلی پريس ايسوسی ايشن اور ٹيلی وژن چينل ’اسکائی نيوز‘ کے مطابق اسکاٹ لينڈ يارڈ کو يہ تازہ معلومات رائل ملٹری پوليس کی جانب سے دی گئی ہیں۔ اسکائی نيوز کے مطابق اس معلومات ميں ڈيانا کی ذاتی ڈائری سميت برطانوی فوج کی اسپيشل ايئر سروس کے حوالے بھی ديے گئے ہيں۔ اسکاٹ لينڈ يارڈ اس حوالے سے مزيد بات چيت کے ليے تيار نہيں ہے۔

واضح رہے کہ شہزادی ڈيانا اکتيس اگست 1997ء کو فرانسيسی دارالحکومت پیرس میں اپنے ساتھی ڈوڈی الفائد کے ہمراہ ايک کار حادثے ميں ہلاک ہوگئی تھيں۔ اس حادثے ميں گاڑی کا ڈرائيور ہينری پال بھی مارا گيا تھا۔ اس سلسلے ميں کرائی گئی برطانوی تاريخ کی سب سے طويل اور مہنگی ترين تحقيقات کے بعد سن 2008 ميں جيوری اس نتيجے پر پہنچی تھی کہ ڈيانا اور الفائد کا ’غير قانونی قتل‘ پال کی لا پرواہ ڈرائيونگ اور ان کا پيچھا کرنے والے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کی گاڑيوں کی وجہ سے ہوا تھا۔ حادثے کے وقت تينوں ہلاک شدگان نے سيفٹی بيلٹ نہيں پہنی ہوئی تھی۔ تحقيقات ميں يہ بات بھی سامنے آئی کہ ڈرائيور ہينری پال نے حادثے کے وقت کافی مقدار ميں شراب پی رکھی تھی۔

شہزادی ڈیانا کی برطانوی ولی عہد شہزادہ چارلز کے ساتھ شادی جولائی 1981 ء ميں ہوئی تھی تاہم کچھ ہی عرصے کے بعد میاں بیوی میں اختلافات پیدا ہونا شروع ہو گئے تھے۔ دونوں نے 1993ء میں علیحدگی اختيار کی اور پھر 1996ء ميں ايک دوسرے سے طلاق لے لی تھی۔