ڈچ فارم میں برسوں سے چھپے افراد ’دنیا کے خاتمے‘ کے منتظر تھے
16 اکتوبر 2019ڈچ پولیس نے آبادی سے دور واقع کے ایک فارم ہاؤس میں کئی برسوں سے دنیا سے کٹ کر رہائش پذیر چھ افراد کو بازیاب کرا لیا اور اس آسٹریا سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔
حکام کے مطابق یہ افراد ممکنہ طور پر 'قیامت کے دن‘ یا 'دنیا کے خاتمے‘ کے انتظار میں باقی دنیا سے کٹ کر اس فارم ہاؤس میں رہ رہے تھے۔
بظاہر ان افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔ منگل پندرہ اکتوبر کے روز ایک مقامی بار کے مالک نے پولیس کو اطلاع دی تھی۔ اس کے بعد پولیس نے فارم ہاؤس پر چھاپا مارا اور چھ افراد کو وہاں سے نکالا۔ ان میں سے پانچ کی عمریں اٹھارہ سے پچیس برس کے درمیان تھیں جب کہ ایک شخص بظاہر ان والد ہے۔
اس علاقے کے میئر روگر ڈے گروٹ کا کہنا ہے کہ یہ خاندان کم از کم نو برس سے اس فارم ہاؤس میں دنیا سے بالکل الگ تھلگ رہ رہا تھا۔
فرار ہونے والے ایک لڑکے نے مطلع کیا
اس فارم ہاؤس سے کچھ دور ایک روئنروولڈ نامی قصبے میں واقع ایک بار کے مالک نے پولیس کو اطلاع دی تھی۔ کرس ویسٹربیک نامی اس شخص نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ بدھ کے روز پرانے لباس میں ملبوس ایک نوجوان بار میں داخل ہوا، جس کی داڑھی انتہائی بڑھی ہوئی تھی اور اس کی نظروں میں تذبذب تھا۔ اس نوجوان نے اپنے لیے پانچ بیئر مانگیں۔
ویسٹربیک کے مطابق، ''اس نے بتایا کہ وہ کہاں رہ رہا تھا اور کیسے فرار ہوا ہے۔ اس سے فوری مدد کی درخواست کی۔‘‘
اس اطلاع کے بعد ہی پولیس فارم ہاؤس تک پہنچی تھی۔ پولیس نے فارم ہاؤس کے اٹھاون سالہ مالک کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔ اس شخص کا تعلق آسٹریا سے ہے، فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوا کہ اس کا اس خاندان سے کیا تعلق تھا۔ آسٹرین دفتر خارجہ نے بھی اپنے ایک شہری کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔
یہ خاندان کیوں چھپا ہوا تھا؟
اب تک کی رپورٹوں میں یہ واضح نہیں ہو پایا کہ اس خاندان نے کن حالات میں اور کب مذکورہ فارم میں رہائش اختیار کی تھی۔ ہالینڈ کے مقامی میڈیا کے مطابق بظاہر یہی لگتا ہے کہ یہ خاندان 'دنیا کے ختم ہو جانے کے وقت‘ کے انتظار میں تھا۔
پولیس نے بھی اس خاندان اور ان کے طرز زندگی کے بارے میں معلومات مہیا نہیں کیں تاہم پولیس کے مطابق اس معاملے کا تمام پہلوؤں سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔
مقامی میئر روگر ڈے گروٹ کے مطابق اس خاندان میں دو والدین اور پانچ بچے تھے اور ان بچوں کی ماں کا کچھ برس قبل انتقال ہو گیا تھا۔
ڈرون کیمرے سے لی گئی تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ یہ فارم کافی خستہ حال ہے اور اس کے تینوں طرف بڑے بڑے درخت ہیں جب کہ ایک طرف سبزیاں اگائی گئی ہیں۔
ش ح / ع ح (ڈی پی اے، اے پی)