ڈھاکا میں ’خون کی ندیاں‘ بہہ گئیں
14 ستمبر 2016ڈھاکہ شہر کی انتظامیہ نے عید الاضحیٰ کے موقع پر قربانی کرنے کے لیے باقاعدہ کچھ جگہوں کا انتظام کیا تھا لیکن بارش کے باعث بہت سے شہری ان مخصوص مقامات تک نہیں پہنچ پائے۔
مسلمان عید الاضحیٰ کے موقع پر سنت ابراہیمی کے مطابق بکرے، بیل یا بھیٹر کو ذبح کرتے ہیں۔ اس جانور کے گوشت کو رشتہ داروں اور ان غرباء میں تقسیم کیا جاتا ہے جو اس قابل نہیں ہوتے کہ وہ خود کسی جانور کی قربانی کر سکیں۔
نیوز ایجنسی اے پی کی رپورٹ کے مطابق شدید بارش کے باعث ڈھاکا کے رہائشیوں نے کار پارکنگ، اور گاڑیوں کے لیے بنائے گئے گیراجوں میں مویشیوں کی قربانی کی جس کے باعث ڈھاکا شہر کی گلیوں میں ان جانوروں کا خون جمع ہو گیا۔ بارش کے پانی اورجانوروں کے بہتے خون سے ایک ایسا منظر دیکھنے کو ملا جس میں یوں لگ رہا تھا کہ شہر کی گلیوں میں خون کی ندیاں بہہ رہی ہیں۔
بنگلہ دیش کے دارلحکومت میں انتہائی خراب نکاسی آب کے نظام اور بارشوں کے باعث سیلاب آنا ایک معمول کی بات ہے۔