1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتیوکرین

کئی یوکرینی شہروں اور انرجی سسٹم پر بڑے روسی میزائل حملے

25 دسمبر 2024

روس نے یوکرین کے کئی شہروں اور توانائی کے ملکی نظام پر بدھ 25 دسمبر کی صبح بہت سے کروز اور بیلسٹک میزائلوں سے نئے حملے کیے۔ یوکرینی افواج نے بتایا ہے کہ ان میں سے 50 کے قریب میزائل فضا میں تباہ کر دیے گئے۔

https://p.dw.com/p/4oZLq
یوکرین کے علاقے دنیپرو پیترووسک میں گہرے زہریلے دھوئیں میں گھرے ہوئے اور ایک روسی مزائل حملے کے بعد لگنے والی آگ بجھانے کی کوشش میں مصروف یوکرینی فائر بریگیڈ کے کارکن
یوکرین کے علاقے دنیپرو پیترووسک میں گہرے زہریلے دھوئیں میں گھرے ہوئے اور ایک روسی مزائل حملے کے بعد لگنے والی آگ بجھانے کی کوشش میں مصروف یوکرینی فائر بریگیڈ کے کارکنتصویر: State Emergency Service of Ukraine/REUTERS

یوکرینی دارالحکومت سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق روسی یوکرینی جنگ میں آج کرسمس کے مسیحی تہوار کے دن ماسکو کی طرف سے یوکرین کی توانائی کی تنصیبات پر ان بڑے حملوں کی کییف میں وزارت توانائی کے علاوہ مقامی حکام نے بھی تصدیق کر دی ہے۔

زیلنسکی کو شولس پر تنقید کے بجائے شکر گزار ہونا چاہیے، رُٹے

یوکرین کے شمال مشرقی شہر خارکیف میں علاقائی گورنر نے بتایا کہ وہاں ایک روسی میزائل حملے میں کم از کم چھ افراد زخمی ہوئے۔

یوکرینی فضائیہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹیلیگرام پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ خارکیف میں روسی افواج نے آج کئی بیلسٹک میزائلوں سے حملے کیے، ''جن میں غیر رہائشی نوعیت کے شہری بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا۔‘‘

یوکرین کا روسی شہر کازان پر ڈرون حملہ

اسی طرح یوکرین کے علاقے دنیپرو پیترووسک کے گورنر سیرہئی لائساک نے بھی ٹیلیگرام پر ایک پوسٹ میں بتایا، ''آج صبح سے روسی فوج دنیپرو کے علاقے پر میزائلوں سے بڑے حملے کر رہی ہے اور اس کی کوشش ہے کہ اس خطے کے بجلی کی ترسیل کے پورے نظام کو تباہ کر دیا جائے۔‘‘

یوکرینی فائر بریگیڈ کارکن ایک روسی میزائل حملے کے بعد لگی آگ بجھانے کی کوشش میں
روس نے کرسمس کے دن کی صبح یوکرین پر ستر کے قریب کروز اور بیلسٹک میزائلوں سے حملے کیےتصویر: State Emergency Service of Ukraine/REUTERS

یوکرینی انرجی سیکٹر پر روسی حملوں میں شدت

تازہ ترین روسی میزائل حملوں کے بارے میں یوکرین کے وزیر توانائی گیرمان گالوشچینکو نے فیس بک پر ایک پوسٹ میں لکھا، ''روس یوکرین میں انرجی سیکٹر پر وسیع تر فضائی حملے کر رہا ہے اور ہم نے ان حملوں کے پاور سپلائی کے نظام پر اثرات کو کم سے کم رکھنے کے لیے انرجی سسٹم سے سپلائی اور پاور ٹرانسمشن محدود کر دی ہیں۔‘‘

روسی آئل تنصیب پر یوکرینی ڈرون حملہ

ماسکو نے کییف کے خلاف اپنی جنگ میں یوکرین کو زیادہ سے زیادہ نقصان پہنچانے کے لیے اس سال موسم بہار سے توانائی کی یوکرینی تنصیبات پر حملوں میں واضح اضافہ کر رکھا ہے۔ ان حملوں کا اب تک نتیجہ یہ نکلا ہے کہ یوکرین کی توانائی کی پیداواری صلاحیت کم ہو کر تقریباﹰ نصف رہ گئی ہے جبکہ ملک بھر میں کئی کئی گھنٹوں تک بجلی کا دستیاب نہ ہونا بھی معمول بن چکا ہے۔

یوکرین میں فوج کی تعیناتی پر زیلنسکی اور ماکروں میں تبادلہ خیال

اسی دوران آج کرسمس کی صبح ہی یوکرینی فوج کی طرف سے روسی کروز میزائلوں سے کیے جانے والے حملوں کے خلاف پورے ملک کے لیے فضائی وارننگ بھی جاری کر دی گئی تھی۔

یوکرین میں ایک روسی راکٹ حملے میں تباہ ہونے والی عمارت کا ملبہ
روسی یوکرینی جنگ اب تک ہزارہا انسانوں کی ہلاکت کا سبب بنے کے علاوہ وسیع تر مادی تباہی کی وجہ بھی بن چکی ہےتصویر: STATE EMERGENCY SERVICE OF UKRAINE via REUTERS

توانائی کی سب سے بڑی یوکرینی کمپنی کا مؤقف

یوکرین کی نجی شعبے سے تعلق رکھنے والی سب سے بڑی توانائی کمپنی ڈی ٹی ای کے (DTEK) نے بتایا ہے کہ اس کی توانائی کی پیداواری تنصیبات کو شدید نوعیت کے روسی میزائل حملوں کا سامنا ہے، جن کے باعث اس کی بجلی کی حساس تنصیبات کو ''شدید نقصان‘‘ پہنچا ہے۔

اس یوکرینی ادارے نے ٹیلیگرام پر ایک پوسٹ میں لکھا، ''تازہ ترین روسی حملے اس سال ماسکو کی طرف سے یوکرینی انرجی سیکٹر پر کیے جانے والے 13 ویں شدید ترین اور ہماری کمپنی کی تنصیبات پر کیے جانے والے 10 ویں وسیع تر میزائل حملے ہیں۔‘‘

روسی علاقے کُرسک میں شمالی کوریا کے تیس فوجی مارے گئے، یوکرینی خفیہ سروس

ایسی ہی ایک گزشتہ کارروائی میں روس نے 17 نومبر کو یوکرین پر 120 میزائلوں اور 90 ڈرونز کے ساتھ فضائی حملے کیے تھے، جن کے نتیجے میں کم از کم سات افراد ہلاک ہو گئے تھے اور ملکی انرجی سیکٹر کو بہت زیادہ نقصان پہنچا تھا۔

یوکرینی صدر زیلنسکی
یوکرینی صدر زیلنسکیتصویر: Andrew Medichini/AP Photo/picture alliance

یوکرینی فضائیہ نے پچاس سے زائد روسی میزائل مار گرائے

یوکرین کی فضائی دفاعی افواج نے بتایا ہے کہ روس کی طرف سے کرسمس کے دن فائر کیے جانے والے 70 میزائلوں میں سے 50 سے زائد یوکرینی افواج نے مار گرائے۔

اسی دوران یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ یوکرینی انرجی انفراسٹرکچر پر خاص طور پر آج کرسمس کے دن کیے جانے والے وسیع تر روسی حملے ''غیر انسانی کارورائی‘‘ ہیں۔

روسی یوکرینی جنگ: برہنہ احتجاج کرنے والی خواتین گرفتار

صدر زیلنسکی نے ٹیلیگرام پر اپنی ایک پوسٹ میں لکھا، ''(روسی صدر ولادیمیر) پوٹن نے یوکرین پر تازہ حملوں کے لیے خاص طور پر آج کرسمس کے دن کا انتخاب کیا۔ ان حملوں میں بیلسٹک میزائلوں سمیت 70 سے زائد میزائل فائر کیے گئے جبکہ 100 سے زائد جنگی ڈرون بھی حملوں کے لیے یوکرین کی فضا میں بھیجے گئے۔ اس سے زیادہ غیر انسانی اقدام کیا ہو سکتا ہے؟‘‘

کییف پر ایک روسی میزائل حملے میں ہونے والی تباہی کا ایک منظر
کییف پر ایک روسی میزائل حملے میں ہونے والی تباہی کا ایک منظرتصویر: Efrem Lukatsky/AP/dpa/picture alliance

یوکرینی جنگی ڈرونز سے متعلق روسی دعویٰ

ماسکو میں روسی وزارت دفاع نے آج بدھ کے روز دعویٰ کیا کہ اس کی فورسز نے گزشتہ رات یوکرین کی طرف سے حملوں کے لیے بھیجے گئے 59 جنگی ڈرونز مار گرائے۔

جنگ میں تینتالیس ہزار یوکرینی فوجی ہلاک ہوچکے ہیں، زیلنسکی

روس یوکرین کے خلاف جنگ میں اپنی ترمیم شدہ اسٹریٹیجک پالیسی کے ساتھ اس لیے زیادہ سے زیادہ حملے کر رہا ہے کہ امریکہ میں اگلے ماہ نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دوبارہ اقتدار میں آنے سے قبل یوکرین کے مزید زیادہ سے زیادہ علاقوں پر قبضہ کر لے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کہہ چکے ہیں کہ دوبارہ امریکی صدر بننے کے بعد ان کی اولین ترجیح روسی یوکرینی جنگ کا خاتمہ ہو گی۔

روسی فوج کا یہ دعویٰ بھی ہے کہ وہ اس سال کے دوران اب تک جنگی محاذوں پر پیش قدمی کرتے ہوئے یوکرین کی 190 سے زائد بستیاں اور دیہات اپنے قبضے میں لے چکی ہے۔

م م/ا ب ا (روئٹرز، اے ایف پی، اے پی)

یوکرین کا روس پر امریکی ساختہ میزائلوں سے حملہ