کاسمیٹک مصنوعات کا استعمال، ایران ساتوں بڑا ملک
11 اپریل 2010اخباری رپورٹ کے مطابق خوبصورت بنانے والی مصنوعات پر ایرانی عوام ہر سال دو اعشاریہ ایک بلین ڈالر خرچ کرتے ہیں۔ اخبار نے معاشی تحقیق کے ایک نجی ادارے TMBA کے ایک سروے کو بنیاد بنا کر یہ رپورٹ شائع کی ہے۔ اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مشرق وسطیٰ کی کاسمیٹک مارکیٹ میں ایرانی حصہ تقریبا 29 فیصد بنتا ہے۔
سروے کے مطابق اہم شہروں میں رہنے والی 15 سے 45 برس عمر کی 14 ملین ایرانی خواتین اس مد میں اوسط سات ڈالر ماہانہ کے حساب سے خرچ کرتی ہیں۔ اس سروے رپورٹ میں خواتین کی دلچسپی کی کاسمیٹک مصنوعات کی تفصیلات نہیں بتائی گئی ہیں۔
ایران میں ماہانہ تنخواہ تقریبا چھ سے سات سو ڈالر کے مساوی بنتی ہے۔ سروے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خوبصورتی سے وابستہ مصنوعات کی زیادہ کھپت کی وجہ یہ ہے کہ ایران میں تقریبا 74 ملین افراد کی عمر 30 برس سے کم ہے۔ اس لحاظ سے یہ کل ایرانی آبادی کا تقریبا نصف بنتا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایران میں تیار ہونے والی کاسمیٹکس کے ساتھ ساتھ اہم کردار ان مصنوعات کا ہے، جو درآمد کی جاتی ہیں۔ تاہم اس رپورٹ میں اندازوں کی بنیاد پر جائزہ پیش کیا گیا ہے اور کوئی حتمی اعداد وشمار جاری نہیں کئے گئے ہیں۔
رپورٹ : عاطف توقیر
ادارت : کشور مصطفیٰ