1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کامن ویلتھ گیمز اورمالی اسکینڈلز: کلماڈی سے پوچھ گچھ

5 جنوری 2011

گزشتہ برس اکتوبر میں نئی دہلی میں ہونے والے کامن ویلتھ گیمز کے انعقاد میں بڑے پیمانے پر بدعنوانیوں کے الزامات کے بعد پولیس نے بدھ کے روز ان مقابلوں کے منتظمِ اعلیٰ سے پوچھ گچھ کی ہے۔

https://p.dw.com/p/ztjF
تصویر: UNI

نئی دہلی میں کامن ویلتھ گیمز کے منتظم اعلیٰ سریش کلماڈی بدھ کی صبح سینڑل بیورو آف انویسٹی گیشن CBI کے ہیڈ کوارٹرز پہنچے، جہاں تفتیش کاروں نے ان سے ان مقابلوں کے انتظامات اور کانٹریکٹس میں ہونے والی مبینہ بدعنوانی کے حوالے سے سوالات کیے۔ ان مقابلوں کے سلسلے میں ناقص انتظامات، سٹیڈیمز کے وقت پر مکمل نہ ہونے اور بڑے پیمانے پر مالی خردبرد کے الزامات کی گونج نہ صرف بھارتی میڈیا پر سنائی دیتی رہی ہے بلکہ بین الاقوامی میڈیا بھی اس سلسلے میں منتظمین کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتا رہا ہے۔ ناقص انتظامات اور مالی بے ضابطگیوں کے باعث ان مقابلوں پر خرچ ہونے والے مجموعی سرمائے کا اندازہ تقریباﹰ چھ بلین ڈالر لگایا گیا ہے۔

Commonwealth Games Dorf
کلاڑیوں کی رہائش کے لئے بنایا گیا ایک گیمز ویلیجتصویر: DW

ان مقابلوں کے اختتام کے تقریبا ڈھائی ماہ بعد گزشتہ برس دسمبر کے اواخر میں پولیس نے اس سلسلے میں کلماڈی کے زیراستعمال متعدد رہائش گاہوں پر بھی چھاپے مارے۔ بھارتی میڈیا سی بی آئی کو بھی تفتیشی کارروائیوں میں غفلت اور سستی برتنے پر تنقید کا نشانہ بنا رہا ہے۔

سی بی آئی کی طرف سے کلماڈی اور ان کے قریبی ساتھیوں پر تفتیش میں رکاوٹیں پیدا کرنے کے الزامات عائد کیے جا رہے ہیں۔ سی بی آئی کی طرف سے بھارتی حکومت سے مطالبہ بھی کیا گیا ہے کہ کلماڈی کے قریبی ساتھیوں کو ان کے عہدوں سے ہٹایا جائے، تاکہ تفتیشی عمل میں حائل رکاوٹیں دور ہوں اور تحقیقات تیزی سے آگے بڑھائی جا سکیں۔

66 سالہ کلماڈی ماضی میں بھارتی فضائیہ میں پائلٹ کے بطور خدمات سرانجام دے چکے ہیں اور متعدد سیاستدانوں سے قریبی روابط کے باعث انہیں خاصا بااثر سمجھا جاتا ہے۔ تاہم وہ اپنے مخالف سیاستدانوں اور بھارتی میڈیا کی تنقید پر مسلسل احتجاج بلند کرتے ہوئے خود کو بےگناہ قرار دیتے آ رہے ہیں۔

24 دسمبر کو ان کے زیراستعمال متعدد گھروں پر پولیس کے چھاپوں کے بعد انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا : ’’میں اس معاملے پر ہر طرح کی تفتیش کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہوں۔ میں اس وقت تک بے گناہ ہوں، جب تک مجھ پر جرم ثابت نہ ہو جائے۔‘‘

Indien Commonwealth Games Flash-Galerie
ان مقابلوں سے قبل بنایا گیا ایک پل گر گیا تھاتصویر: AP

واضح رہے کہ کامن ویلتھ گیمز کے انعقاد میں مبینہ بدعنوانیوں کے الزامات کے بعد پولیس ان مقابلوں کے متعدد منتظمین سے پچھ گچھ کر چکی ہے۔ اس معاملے کو اس لیے بھی حساس سمجھا جا رہا ہے کیونکہ کلماڈی پہلے ہی سے متعدد مالی اسکینڈلز میں گھری حکمران جماعت کانگریس پارٹی کے رکن ہیں۔ تاہم کانگریس پارٹی کا کہنا ہےکہ وہ تفتیشی عمل کو ہر طرح سے شفاف بنا کر ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لا کھڑا کرے گی۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : عصمت جبیں

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں