کامن ویلتھ گیمز، وفود کا دورہء بھارت
8 اکتوبر 2009کامن ویلتھ گیمز فیڈریشن کے معائنہ کاروں کی ایک ٹیم نے جمعرات کے روز بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کا دورہ کیا، جہاں آئندہ سال دسمبر میں کامن ویلتھ گیمز منعقد کئے جائیں گے۔ ان گیمز میں 17 سے زائد مختلف کھیلوں میں چھ ہزار سے زائد کھلاڑی حصہ لیں گے۔ ان گیمز کو دہلی 2010 کا نام دیا گیا ہے۔
نئی دہلی میں کامن ویلتھ گیمز کی آرگنائزنگ کمیٹی کی ترجمان نے کہا: ’’ یہ مندوبین کامن ویلتھ گیمز کے لئے تیار کئے گئے ویلجز اور وینیوز کا جمعرات اور جمعہ کو معائنہ کریں گے، جس کے بعد پیر کے روز وہ اپنی جنرل اسمبلی اجلاس بھی منعقد کریں گے۔‘‘
وفود میں کامن ویلتھ گیمز فیڈریشن کے سربراہ مائیکل فینل بھی شامل ہیں، جن کی اس دورے پر بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ سے ملاقات بھی متوقع ہے۔ فینل نے گزشتہ مہینے ایک خط کے ذریعے بھارت میں کامن ویلتھ گیمز کے انتظامات ناکافی ہونے اور کھلاڑیوں کے لئے مناسب سہولیات نہ ہونے کے خدشات کا اظہار کیا تھا۔ فینل نے اسی خط میں من موہن سے ملاقات کرنے کی خواہش بھی ظاہر کی تھی۔
نئی دہلی میں کامن ویلتھ گیمز کے لئے گیارہ وینیوز ابھی تک تیاری کے ابتدائی مراحل میں ہیں۔ ذرائع کے مطابق بھارتی حکومت نے کام میں تیزی لانے کا عندیہ دیا ہے کیونکہ دوسرے بہت سے کاموں کے علاوہ ابھی وینیوز سے ایئر پورٹ تک ٹرین کی پٹری بچھانے کام بھی باقی ہے۔
رپورٹ: انعام حسن
ادارت: افسر اعوان