کشمیر:عسکریت پسندوں کے ساتھ جھڑپ، پانچ بھارتی فوجی ہلاک
11 اکتوبر 2021بھارت کے ایک سکیورٹی اہلکار کی جانب سے بتایا گیا کہ لائن آف کنٹرول کے قریب عسکریت پسندوں نے بھارتی فوجیوں پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں پانچ فوجی ہلاک ہو گئے۔ اس واقعے میں دو عسکریت پسندوں کی ہلاکت کی بھی اطلاع ہے۔ فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل ڈیونڈر آنند نے کہا، ''زخمی فوجیوں کو قریبی میڈیکل سینٹر لے جایا گیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لا سکے۔''
انیس سو نوے کی دہائی سے کشمیر میں علیحدگی پسند مزاحمت شروع ہے۔ بھارت کا کہنا ہے کہ پاکستان کشمیر میں عسکریت پسندوں کو مدد فراہم کرتا ہے لیکن پاکستان ان الزامات کو مسترد کرتا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ وہ کشمیریوں کی صرف سفارتی حمایت کرتا ہے۔
بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں گزشتہ کچھ دنوں کے دوران ہندو، سکھ اور مسلم شہریوں کو ہدف بنا کر قتل کرنے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ ان خونریز کارروائیوں کی ذمہ داری عسکریت پسندوں پر عائد کی جا رہی ہے۔ ان واقعات کے بعد بھارتی فورسزنے جنگجوؤں کے خلاف اپنی کارروائیوں کا دائرہ مزید وسیع کر دیا ہے۔
شمالی کشمیر میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے 'دا ریزیسٹنٹ فورس' نامی گروہ کے ایک جنگجو کو ہلاک کر دیا تھا۔ بھارتی پولیس کا ماننا ہے کہ پاکستان اس گروپ کی پشت پناہی کر رہا ہے۔ یہ گروپ حال ہی میں بھارتی زیر انتظام کشمیر میں عام شہریوں کی ہلاکت کا باعث بنا ہے۔
بھارتی آرمی چیف جنرل منوج موکوڈ ناراوانے کا کہنا ہے، ''گزشتہ ایک ماہ میں پاکستان کی جانب سے عسکریت پسندوں کی کشمیر میں دراندازی بڑھی ہے۔ ‘‘