1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کشمیری لکچرر کو 'انتقاماً' معطل کیا گیا؟ بھارتی سپریم کورٹ

جاوید اختر، نئی دہلی
28 اگست 2023

بھارتی سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل سے کہا کہ وہ جموں و کشمیر کے گورنر سے پوچھ کر بتائیں کہ لکچرر ظہور بھٹ کو کیوں معطل کیا گیا۔ دفعہ 370 پر عدالت عظمیٰ میں اپنے دلائل پیش کرنے کے دو دن بعد ہی بھٹ کو معطل کردیا گیا تھا۔

https://p.dw.com/p/4Vdtf
سپریم کورٹ کجموں و کشمیر کو خصوصی آئینی حیثیت دینے والے آئین کی دفعہ 370 کی منسوخی کے خلاف دائر اپیل پر سماعت کررہی ہے
سپریم کورٹ کجموں و کشمیر کو خصوصی آئینی حیثیت دینے والے آئین کی دفعہ 370 کی منسوخی کے خلاف دائر اپیل پر سماعت کررہی ہےتصویر: picture-alliance/AP Photo/A. Qadri

بھارتی سپریم کورٹ نے آج پیر کو بھارت کے اٹارنی جنرل کو ہدایت دی کہ وہ جموں و کشمیر کے لیفٹننٹ گورنر منوج سنہا سے بات کریں اور یہ معلوم کریں کہ کشمیر کے لکچرر ظہور احمد بھٹ کو آئین کی دفعہ 370 کی منسوخی کے خلاف بحث کرنے کے لیے عدالت میں پیش ہونے کے چند دنوں بعد کیوں معطل کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ عدالت یہ جاننا چاہتی ہے کہ آیا معطلی کا تعلق لکچرر کی عدالت میں پیشی سے ہے اور اشارہ دیا کہ اگر ایسا ہوا ہے تو اسے منظور نہیں کیا جاسکتا۔ عدالت کے اس بیان سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ وہ اس اقدام کو "انتقام" کے طور پر دیکھ سکتی ہے۔

 ظہور احمد بھٹ گزشتہ ہفتے  سپریم کورٹ کی اس بنچ کے سامنے پیش ہوئے تھے جو جموں و کشمیر کو خصوصی آئینی حیثیت دینے والے آئین کی دفعہ 370 کی منسوخی کے خلاف دائر اپیل پر سماعت کررہی ہے۔ وہ سری نگر کے جواہر نگر میں گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول میں پولیٹکل سائنس کے سینیئر لکچرر اور قانون کی ڈگری یافتہ ہیں۔

بھارتی سپریم کورٹ کشمیر سے متعلق دفعہ 370 پر سماعت کے لیے راضی

سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ دفعہ 370 کو ختم کرنے کے خلاف دائر عرضی پر سماعت کرنے والی پانچ رکنی آئینی بنچ کے سربراہ ہیں۔

 سپریم کورٹ میں پیش ہونے کے دو دن بعد جمعے کو جموں و کشمیر کے محکمہ تعلیم نے بھٹ کو جموں و کشمیر سول سروس ریگولیشنز، جموں و کشمیر گورنمنٹ ایمپلائز کنڈکٹ رولز اور جموں و کشمیر لیو رولز کے ضابطوں کی خلاف ورزی کرنے کا الزام لگاتے ہوئے ملازمت سے فوری طورپر معطل کرنے کا حکم جاری کیا۔

 اگست 2019 میں مودی حکومت نے آئین کی دفعہ 370 کو منسوخ کر دیا تھا
اگست 2019 میں مودی حکومت نے آئین کی دفعہ 370 کو منسوخ کر دیا تھاتصویر: Hindustan Times/imago images

عدالت سے نوٹس لینے کی درخواست

سیینئر وکیل کپل سبل نے اس نوٹس کو سپریم کورٹ کے علم میں لاتے ہوئے کہا، "جو استاذ یہاں آئے تھے اور چند منٹ کے لیے اپنے دلائل پیش کیے انہیں 25 اگست کو عہدے سے معطل کردیا گیا۔ حالانکہ انہوں نے دو دن کی باضابطہ چھٹی لی تھی اور پھر واپس چلے گئے تھے لیکن انہیں معطل کردیا گیا۔"

اس پر چیف جسٹس چندر چوڑ نے اٹارنی جنرل آر وینکٹ رمانی کو اس معاملے کو دیکھنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا،" مسٹر اٹارنی جنرل دیکھئے یہ کیا ہوا ہے۔ کوئی شخص عدالت میں حاضر ہوا تھا اور اب اسے معطل کردیا گیا... آپ لیفٹننٹ گورنر سے بات کریں۔"

'کشمیر میں اب سیاسی عمل کا آغاز ہوسکے گا'

چیف جسٹس چندر چوڑ نے مزید کہا،" اگر کچھ اور ہے تو الگ بات ہے لیکن عدالت میں حاضر ہونے اور اس کے فوراً بعد معطل کردیے جانے کی وجہ کیا ہے؟

سالسٹر جنرل توشار مہتا نے اس پر کہا کہ معطلی کی وجہ کچھ اور تھی۔ لیکن جب جسٹس ایس کے کول نے اس معطلی کے وقت کی طرف اشارہ کیا تو اعلیٰ حکومتی وکیل نے تسلیم کیا کہ "یہ یقینی طورپر مناسب نہیں تھا۔"

ظہور احمد بھٹ نے عدالت کو بتایا تھا کہ اگست 2019 کے بعد سے جموں و کشمیر میں طلبہ کو بھارتی سیاست کے بارے میں پڑھانا بہت مشکل ہو گیا ہے
ظہور احمد بھٹ نے عدالت کو بتایا تھا کہ اگست 2019 کے بعد سے جموں و کشمیر میں طلبہ کو بھارتی سیاست کے بارے میں پڑھانا بہت مشکل ہو گیا ہےتصویر: Reuters/M. Gupta

'کہیں یہ انتقامی کارروائی تو نہیں؟'

پانچ رکنی آئینی بنچ میں شامل ایک اور جج جسٹس بی آر گوائی کا کہنا تھا کہ حکومت کی کارروائی انتقامی کارروائی ہوسکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا "اتنی آزادی کا مطلب ہی آخر کیا ہے....اگر صرف عدالت میں حاضر ہونے کی وجہ سے ایسا ہوا ہے تو واقعتاً یہ انتقام ہے۔"

کشمیر کو ریاست کا درجہ حالات معمول کے مطابق ہونے پر ہی ملے گا، بھارت

خیال رہے کہ ظہور احمد بھٹ نے ذاتی نوعیت میں عدالت میں حاضر ہوکر پانچ منٹ کی اپنے دلائل پیش کیے تھے۔انہو ں نے عدالت کو بتایا تھا کہ اگست 2019 کے بعد سے، جب بھارت سرکار نے آئین کی دفعہ 370 کو منسوخ کردیا تھا، جموں و کشمیر میں طلبہ کو بھارتی سیاست کے بارے میں پڑھانا بہت مشکل ہو گیا ہے۔

ظہور احمد بھٹ کا کہنا تھا،" طلبہ یہ سوال پوچھتے ہیں کہ کیا ہم اب بھی جمہوریت ہیں؟"

دفعہ 370 کے خاتمے کے بعد بھارت نواز کشمیری رہنماؤں کی پہلی میٹنگ

انہوں نے دفعہ 370 کو ختم کرنے کے خلاف اپنے دلائل میں کہا تھا کہ یہ اقدام"بھارتی آئین کی اخلاقیات کی خلاف ورزی ہے۔ یہ اقدام وفاقیت اور آئین کی بالادستی کے بھی خلاف تھا۔ "