1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کمبھ میلہ: بھگدڑ کے نتیجے میں 36 افراد ہلاک

11 فروری 2013

بھارتی شہر الہ آباد کے ریلوے اسٹیشن پر بھگدڑ کے نتیجے میں کم از کم 36 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ اس حادثے کا شکار مہا کمبھ میلے کے مقدس ترین دِن کے اختتام پر واپس جانے والے افراد بنے ہیں۔

https://p.dw.com/p/17blx
تصویر: Getty Images

یہ حادثہ اتوار کی شام کو پیش آیا۔ بھارتی خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) کے مطابق الہ آباد میں ڈویژنل ریلوے منیجر ہریندرا راؤ نے بتایا ہے کہ الہ آباد اسٹیشن پر مچنے والی بھگدڑ کے نتیجے میں دس افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے تھے۔

قبل ازیں ہلاکتوں کی تعداد 22 بتائی گئی تھی اور ہریندرا راؤ کا کہنا تھا کہ زخمیوں میں سے 15 کی حالت نازک ہے۔ بھارتی وزیر اعظم منموہن سنگھ نے اس حادثے پر گہرے رنج کا اظہار کیا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق مقامی حکام کا کہنا ہے کہ اسٹیشن کے ایک پُل پر بہت زیادہ لوگ چڑھ گئے تھے جس کی وجہ سے اس کی باڑیں ٹوٹ گئی تھیں۔ دوسری جانب عینی شاہدین نے مقامی ذرائع ابلاغ کو بتایا ہے کہ پولیس نے لوگوں پر لاٹھی چارج کیا تھا۔

اتر پردیش ریاست کے ایک ترجمان اشوک شرما کا کہنا ہے: ’’لوگ باڑوں سے ٹیک لگا کر کھڑے تھے اور وہ باڑیں ان کا بوجھ نہیں اٹھا سکیں، ان کے سرے ٹوٹ گئے۔‘‘

Ganges Shahi Snan Großes Bad Kumbh Mela Pitcher Festival Indien Hindi Allahabad
کمبھ میلے کا اہتمام دریائے گنگا اور جمنا کے سنگم پر ہوتا ہے۔ ہندو روایات کے مطابق یہ مقام دراصل تین دریاؤں کا سنگم ہے، جن میں سے ایک مخفی دریا سرسوتی ہےتصویر: Reuters

وزیر برائے ریلوے پوون کمار بنسال نے حادثے کے لیے اس سبب کو رد کیا ہے۔ پی ٹی آئی کے مطابق ان کا کہنا ہے کہ پلیٹ فارمز پر بہت بھیڑ بھگدڑ کی وجہ ہو سکتی ہے۔ بنسال کا کہنا ہے کہ وہ تفتیش کے لیے الہ آباد جائیں گے۔

ہلاک اور زخمی ہونے والوں کے رشتے داروں نے پولیس کو خوف و ہراس پھیلانے کے لیے ذمہ دار قرار دیا ہے۔ بعض دیگر لوگوں کا کہنا ہے کہ ہنگامی امداد بہت دیر سے پہنچی۔

منتظمین کے مطابق اتوار کو کمبھ میلے کے مقدس ترین دِن کے موقع پر تقریباﹰ تین کروڑ زائرین نے دریائے گنگا اور جمنا کے سنگم پر ڈبکی لگائی۔ اس میلے کا اختتام دس مارچ کو مہا شیوراتری کے موقع پر ہوگا جبکہ اس کا آغاز 14 جنوری کو ہوا تھا۔

کمبھ مذہبی میلہ ہے جسے بھارت میں ’زمین پر منعقدہ عظیم تقریب‘ بھی قرار دیا جاتا ہے۔ یہ میلہ ہر 12 سال بعد منعقد ہوتا ہے۔ کمبھ کے میلے کے موقع پر زائرین دریائے گنگا میں نہاتے ہیں۔ ہندو عقائد کے تحت اس رسم سے گناہ دھلتے ہیں اور جنت کا راستہ کھلتا ہے۔

ng/ah (AFP, dpa)