کن فلمی میلہ: بدھ 11 مئی سے شروع
8 مئی 2011کن فلمی میلہ عالمی شہرت کا حامل ہے اور اسے دنیا کا سب سے بڑا فلمی فیسٹول تصور کیا جاتا ہے۔ کن فلم فیسٹول میں دنیا بھر کی فلمی صنعت کی نمائندہ شخصیات شریک ہو کر اس کی رونق بڑھاتی ہیں۔ ہالی ووڈ سے بھارتی فلم انڈسٹری، مشرق بعید سے لے کر یورپ اور لاطینی امریکہ سے لے کر شمالی افریقہ کی فلمی صنعت کی شخصیات اس میلے میں موجود ہوتی ہیں۔
بدھ سے شروع ہونے والے فلمی میلے میں مقابلے کے لیے پیش کی جانے والی فلموں کے معیار کو پرکھنے کے لیے جو جیوری تشکیل دی گئی ہے، اس کے سربراہ اکیڈیمی ایوارڈ یافتہ ہالی ووڈ کے اداکار رابرٹ ڈی نیرو ہیں۔ معروف اداکار رابرٹ ڈی نیرو کی دو فلموں، ٹیکسی ڈرائیور اور دی مشن کو کن فلم میلے کے اعلیٰ انعام سے نوازا جا چکا ہے۔ ان کے ساتھ جیوری میں دیگر اراکین کے علاوہ اوما تھرمین، جُوڈ لاء، ہانگ کانگ کی فلم انڈسٹری کے ہدایتکار جونی ٹو بھی شامل ہیں۔
جیوری کے لیے کل بیس فلمیں منتخب کی گئی ہیں۔ ان فلموں میں سے کسی ایک کو Palme d'Or کا ایوارڈ دیا جائے گا۔ فیسٹول کے ڈائریکٹر Thierry Fremaux کا خیال ہے کہ مقابلے کے لیے منتخب کی جانے والی فلمیں انتہائی معیاری ہیں۔
بیس منتخب فلموں میں ڈنمارک کے مشہور ہدایتکار لارس فان ٹریئر (Lars Von Trier) اور ہسپانوی ہدایتکار پیڈرو الموڈووار (Pedro Almodovar) کی فلمیں خاص طور پر نمایاں ہیں۔
مشرق وسطیٰ کی فلمی صنعت کے اعتراف میں مصر کو فیسٹول میں مہمان ملک کی حثیت حاصل ہو گی۔ کن فلمی میلے کی پہلی فلم تیونس میں جمہوریت نوازوں کی تحریک پر مبنی ہے، اس تحریک کے باعث زین العابدین بن علی برسوں کے بعد اقتدار چھوڑنے پر مجبور ہو گئے تھے۔
جن اداکاروں کی کن فلمی میلے کے ریڈ کارپٹ پر آنے کا یقین ہے ان میں براڈ پِٹ اور انجلینا جولی کے علاوہ جونی ڈیپ، شین پین، پینلوپے کروز شامل ہیں۔ اس کے علاوہ بھارت سے ملکہ شیراوت کی شرکت بھی یقینی بتائی گئی ہے۔
ہر سال کی طرح بھارتی فلم انڈسٹری بالی ووڈ سے بھی ایک کثیر تعداد میں اداکار اور تکنیکی عملہ کن پہنچے گا۔ کچھ بھارتی فلموں کی خصوصی نمائش کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔
کن فلم فیسٹول کی انتظامیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس بار کا میلہ انتہائی دلکش اور حیران کن رنگینیوں سے عبارت ہے۔ ان رنگینیوں کو مختلف اسٹارز مزید روشنی بخشیں گے۔ اس دلکشی میں فرانس کی خاتون اول کارلا برونی کی پہلی فلم کی نمائش بھی شامل ہے۔
کن شہر میں فلمی میلے کے دوران سکیورٹی کا خاص انتظام کیا گیا ہے۔ پولیس کے اضافی دستے تعینات کر دیے گئے ہیں۔ ان دستوں کی تعیناتی کی وجہ القاعدہ کے لیڈر کی امریکی آپریشن میں ہلاکت بتائی گئی ہے۔
کن فلمی میلہ بدھ گیارہ مئی سے شروع ہو کر بائیس مئی تک جاری رہے گا۔ اس فیسٹول میں 101ملکوں کی فلم انڈسٹری کے دس ہزار نمائندے شرکت کریں گے۔ چار ہزار سے زائد فلموں کے بارے میں بات کی جائے گی۔
رپورٹ: عابد حسین
ادارت: افسر اعوان